|

وقتِ اشاعت :   4 hours پہلے

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا نصب العین ’خان نہیں تو پاکستان نہیں‘ ہے جب کہ انہوں نے آج ثابت کردیا کہ ان کی اولین ترجیح ملکی سلامتی نہیں بلکہ بانی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں قومی سلامتی کمیٹی میں شرکت نہ کرنے پر تحریک انصاف کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے آج ثابت کردیا کہ عمران خان ان کی اول اور آخر ترجیح ہیں، وطن کی سلامتی اور امن ان کے لیے کوئی اہمیت نہیں رکھتا۔

ایکس پر اپنے پیغام میں وزیردفاع نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کا نصب العین ’خان نہیں تو پاکستان نہیں‘ ہے، وطن دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے اور پی ٹی آئی اپنے مفادات کی سیاست کررہی ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ اس جنگ میں پی ٹی آئی کس کے ساتھ کھڑی ہے، اس سے بڑھ کر وطن دشمنی اور کیا ہوسکتی ہے؟

خواجہ آصف نے عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردی کیخلاف اتحاد اور فیصلہ کن اقدام ترتیب دیے جارہے ہیں، سویلین اور فوجی قیادت دشمن کے خلاف قوم کو ایک پیج لانے کی بات ہورہی ہے اور اس جنگ میں پاکستان کی فتح ہوگی۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف نے گزشتہ روز قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا تھا اور اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی کو شرکت کرنے والے اپنے ارکان کی فہرست بھجوا دی تھی۔

تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان، زرتاج گل، اسد قیصر، علی محمد خان، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز، سینیٹر ہمایوں مہمند اور سینیٹر علی ظفر نے اجلاس میں شرکت کرنا تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *