کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس ایک بار پھر معطل ہے، جو کہ گزشتہ روز چند گھنٹوں کے لیے بحال کی گئی تھی۔ آج (اتوار) کو بھی کوئٹہ، مستونگ، قلات، سوراب، اور خضدار سمیت متعدد اضلاع میں انٹرنیٹ کی سہولت دستیاب نہیں، جس سے شہریوں میں بےچینی اور غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، انٹرنیٹ سروس کی معطلی سکیورٹی خدشات کے باعث کی گئی ہے، تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے تاحال اس سلسلے میں کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔ یہ صورتحال اس وقت مزید پیچیدہ ہو جاتی ہے جب عوام، طلباء، کاروباری افراد اور فری لانس کام کرنے والے انٹرنیٹ پر مکمل انحصار کرتے ہیں۔
ایک شہری کا کہنا تھا: “ہمیں معلوم نہیں ہوتا کہ کب انٹرنیٹ بحال ہو گا اور کب بند۔ یہ غیر یقینی صورتحال ہماری زندگیوں کو بری طرح متاثر کر رہی ہے۔”
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت واضح پالیسی اپنائے اور انٹرنیٹ سروس کی معطلی سے متعلق شفاف اور بروقت معلومات فراہم کرے تاکہ عوام کو کم از کم اپنی روزمرہ سرگرمیوں میں کسی حد تک سہولت میسر آ سکے۔
Leave a Reply