|

وقتِ اشاعت :   7 days پہلے

سابق خاتون اول اور بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اڈیالہ جیل میں اپنے شوہر کی طرح بہتر سہولتوں کی فراہمی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

بشریٰ بی بی کے وکلا کی جانب سے دائر درخواست میں وفاق، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور چیف کمشنر اسلام آباد کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ وہ بطور خاتون اول وزیر اعظم ہاؤس میں مقیم رہی ہیں، اپنے بہتر معیار زندگی کی وجہ سے وہ قانون کے مطابق بہتر سہولتوں کی حق دار ہیں۔

بشریٰ بی بی کے وکلا کی دائر کردہ درخواست میں کہا گیا ہے کہ بہتر سہولتوں کی فراہمی کے لیے جیل حکام کو درخواست دی، لیکن سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے درخواست پر کان نہیں دھرے ۔

عمران خان کی اہلیہ کے وکلا نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ ان کے شوہر بانی پی ٹی آئی کو اسی جیل میں بہتر سہولتوں کا حق دار قرار دیا گیا ہے، لہٰذا انہیں بھی اپنے شوہر جیسی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

واضح رہے کہ بشریٰ بی بی متعدد مقدمات میں ضمانت پر رہا تھیں، تاہم انہیں 17 جنوری 2025 کو 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا سنائے جانے کے بعد کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قائم احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاؤنڈ کے ریفرنس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو مجرم قرار دیتے ہوئے 14 سال قید اور ان کی اہلیہ مجرمہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی، جس کے بعد بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت سے گرفتار کیا گیا تھا۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے عمران خان پر 10 لاکھ اور بشریٰ بی بی پر 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا، عدالتی فیصلے میں کہا گیا تھا کہ جرمانے کی عدم ادائیگی پر عمران خان کو مزید 6 ماہ جب کہ بشریٰ بی بی کو 3 ماہ کی قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *