وزیراعظم شہباز شریف نے مقامی صنعت کو لیول پلئینگ فیلڈ فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت برآمدات سہولت اسکیم سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اسکیم کو مزید مؤثر بنانے اور برآمدی شعبے کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کے لیے قائم کمیٹی کی عبوری سفارشات پیش کی گئیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ان سفارشات پر ماہرین سے مزید مشاورت کی جائے اور رپورٹ کو جلد حتمی شکل دی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملکی آمدن میں اضافے کے لیے برآمدات میں بہتری ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے آئندہ بجٹ کی تیاری میں صنعتوں اور کاروباری تنظیموں کی تجاویز شامل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ اس اسکیم کا مقصد پیداواری لاگت میں کمی اور برآمدی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں مسابقت کے قابل بنانا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک،اویس لغاری، مشیرِ وزیراعظم توقیر شاہ، کوارڈینیٹر رانا احسان افضل، چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال اور برآمدی شعبے سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نے شرکت کی۔
Leave a Reply