|

وقتِ اشاعت :   6 hours پہلے

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جیسا حملہ ہوا ویسا ہی جواب ہوگا، پاکستان بھارت تنازع مکمل جنگ کی صورت اختیار کر سکتا ہے، دنیا کو جوہری طاقتوں کے درمیان مکمل تصادم کے امکان پر فکر مند ہونا چاہیئے، مکمل حملہ ہوا تو مکمل جنگ ہوگی، پاکستانی فوج ہرطرح کی صورتحال کے لیے تیار ہے۔

برطانوی ٹی وی اسکائی نیوز کو انٹرویو میں وفاقی وزیر خواجہ آصف نے پہلگام واقعے میں پاکستان کے ملوث ہونے کاالزام مسترد کرتے ہوئے حملے کو بھارت کا فالس فلیگ آپریشن قرار دے دیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ دنیا کو جوہری ہتھیار رکھنے والے دونوں ممالک کے درمیان مکمل جنگ کے امکان کے بارے میں فکر مند ہونا چاہیئے تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں امید ہے کہ یہ تنازع مذاکرات کے ذریعے حل ہو جائے گا۔

اطلاعات ہیں بھارت حملے کی تیاری کررہا ہے، کالعدم ٹی ٹی پی کے ذریعے پاکستان پر حملہ آور ہوسکتا ہے، خواجہ آصف

بھارت سے مقابلے کیلئے کسی مدد کی ضرورت نہیں، مہم جوئی کی گئی تو منہ توڑ جواب دیں گے، وفاقی وزرا

مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں منگل کو مسلح افراد کی فائرنگ سے 26 سیاح ہلاک ہو گئے تھے جس کا الزام نئی دہلی کی حکومت نے پاکستان پر عائد کیا تھا تاہم خواجہ آصف نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے فائرنگ کے واقعے کو بھارت کا فالس فلیگ آپریشن قرار دیا۔

انہوں نے متنبہ کیا کہ پاکستانی فوج دونوں جانب سے بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سفارتی اقدامات کے درمیان کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے کسی بھی حملے کا منہ توڑ جواب دے گا، بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا، دونوں ملکوں کے تصادم کے تباہ کن نتائج برآمد ہوں گے، جیسا حملہ ہوا ویسا ہی جواب ہوگا، پاک بھارت تنازع مکمل جنگ کی صورت اختیار کرسکتا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہم بھارت کی کسی بھی جارحیت کا ناپ تول کر جواب دیں گے، اگر مکمل حملہ ہوتا ہے تو مکمل جنگ ہوگی۔
 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *