|

وقتِ اشاعت :   5 hours پہلے

وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ بی ایل اے اور ”را“ 2 نہیں ایک ہی ہیں، پہلگام واقعہ کی شفاف تحقیقات کیلئے پاکستان تعاون کرے گا۔ ہم اس ڈرامے کو بے نقاب کرنا چاہتے ہیں۔ بھارت نے کبھی پاکستان میں دہشت گردی کی مذمت نہیں کی۔ دنیا کو دیکھنا ہوگا کہ دہشت گردی کون کر رہا ہے؟

لاہورمیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پابندیوں سے بھارت کو نقصان اور پاکستان کو فائدہ ہے، پاکستان میں دہشت گردی میں بھارتی ”را“ملوث ہے، پاکستان پرامن ملک ہے، دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔

محسن نقوی نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی بھارت سے ہضم نہیں ہو رہی، پہلگام واقعے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں، پاکستان غیر جانبدار تحقیقات کا حصہ بننے کیلئے تیار ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پہلگام واقعہ کی شفاف تحقیقات کروائی جائیں، بے بنیاد پروپیگنڈے کو ختم کیا جائے، ہم اپنی سلامتی پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے، پہلگام واقعہ کی شفاف تحقیقات کیلئے پاکستان تعاون کرے گا۔ ہم اس ڈرامے کو بے نقاب کرنا چاہتے ہیں۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ ہم نے خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کو کنٹرول کیا، بھارت نہیں چاہتا کہ پاکستان میں دہشت گردی کنٹرول ہو، بھارت پاک آرمی کو مصروف کر کے دہشت گردی کو ہوا دینا چاہتا ہے، بی ایل اے اور ”را“ 2 نہیں ایک ہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی 7 دھماکے کرنے کی مذموم سازش ناکام بنا دی ہے، بھارت 7 آئی ای ڈیز سے دھماکے کرنا چاہتا تھا، پاکستان میں 3 روز میں 7 آئی ای ڈیز پکڑی گئیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ آج تک اتنے بڑے واقعے کی ایف آئی آر 10منٹ میں نہیں ہوئی، بھارت، پاکستان اور کینیڈا میں دہشت گردی میں ملوث ہے، بھارت نے کبھی پاکستان میں دہشت گردی کی مذمت نہیں کی۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بھارت دہشت گردوں کو اپنے چینلز پر ہیرو بنا کر پیش کرتا ہے، دنیا کو دیکھنا ہوگا کہ دہشت گردی کون کر رہا ہے؟ انھوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

محسن نقوی نے نیوز کانفرنس میں بھی کہا کہ کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے، اپنے مؤقف سے نہیں ہٹیں گے، ہمارے پاس بھارت کی دہشت گردی کے بہت شواہد موجود ہیں، ہم جنگ کیلئے بھارت سے زیادہ تیار ہیں، ہم جنگجو قوم ہیں، بھارت سندھ طاس معاہدہ ختم ہی نہیں کرسکتا.

انھوں نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ بھارت کچھ کرتا ہے تو ہم مکمل طور پر تیار ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ اسرائیلی مقبوضہ کشمیر میں اترے ہیں، بھارت کے حوالے سے پوری قوم متحد ہے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *