وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی 60 سال کی کم ترین سطح پر آگئی ۔ روپے کی قدر مستحکم جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر دو گنا ہوچکے۔
ہارورڈ یونیورسٹی میں کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی کے پلان کا خاکہ دنیا کے سامنے پیش کر دیا۔ خطاب میں مالیاتی شعبے میں جرات مندانہ اصلاحات اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنج سے نمٹنے کا عزم ظاہر کیا، مہنگائی میں تاریخی کمی ، زرمبادلہ ذخائر ، بیرونی سرمایہ کاری اور برآمدات میں نمایاں اضافے کو اہم حکومتی کامیابیاں قرار دیا۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ جب ہم اس مالی سال کے اختتام پر پہنچیں گے تو ہمارے پاس تقریباً 3 ماہ کی درآمدات کیلئے زرمبادلہ ہو گا۔ ۔ مہنگائی میں کمی کی کہانی بہت شاندار ہے ۔ 38 فیصد کی بلند ترین سطح سے 0.7 فیصد پر آچکی۔
محمد اورنگزیب نے کہا ٹیکس اصلاحات سے ریونیو میں اضافہ کیا ۔ مالیاتی خسارے پر قابو پایا ۔ قرضوں کا جی ڈی پی سے تناسب 75 سے 67.2 فیصد کر دیا ۔ اسے 60 فیصد سے بھی کم کیا جائے گا ۔
وفاقی وزیر خزانہ نے بتایا خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی نجکاری سے ہر سال جی ڈی پی کا 2 فیصد بچنے کی توقع ہے۔ ڈیجیٹل بینکنگ ، کیپیٹل مارکیٹس ، گرین فنانس کو فروغ دےرہے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ انفرا اسٹرکچر اور زراعت میں ماحولیاتی مزاحمت کو شامل کیا جائے گا۔ پاکستان میں معدنی وسائل ، آئی ٹی اور گرین انرجی سمیت ترقی کے بڑے مواقع موجود ہیں ۔ غیرملکی سرمایہ کار ان سے فائدہ اٹھائیں۔
Leave a Reply