پاک افغان سرحد کے قریب سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری آپریشن میں مزید 17 خوارج ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک افغان سرحد کے قریب جاری آپریشن میں مزید 17 خوارج ہلاک ہوگئے، فالواپ آپریشن افغان سرحد کے قریب حسن خیل اور گردونواح میں کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق مزید 17 دہشت گردوں کی ہلاکت کے بعد گزشتہ 3 روز کے دوران مجموعی طور پر ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 71 ہوگئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سیکیورٹی فورسز نے پاک ، افغان سرحد پر شمالی وزیرستان میں خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 54 خوارج کو جہنم واصل کردیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے حسن خیل میں کارروائی کے دوران 54 خوارج کو ہلاک کردیا جبکہ ہلاک خوارج سے بھاری مقدارمیں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کا گروہ پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں کیلئے دراندازی کر رہا تھا اور سیکیورٹی فورسز نے غیرمعمولی پیشہ ورانہ مہارت اور تیاری سے ممکنہ تباہی کو روکا۔
بیان میں بتایا گیا کہ دہشت گردی کیخلاف مہم میں سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک خوارج کی یہ اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں اور اس طرح کے جراتمندانہ اورفیصلہ کن اقدامات ہمارےاجتماعی عزم کو مزید تقویت دیتے ہیں جبکہ یہ اس بات کی نشاندہی ہے کہ پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ جیت رہا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نے نقوی نے سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ آج ہمارے لیے بڑا دن ہے، سیکیورٹی فورسز کے لیے آج اہم ترین دن ہے، 26 اور 27 کی درمیانی رات کو خوارج کے لشکر کی انٹری کی اطلاع ملی تھی جو حسن خیل شمالی وزیرستان سے داخل ہو رہا تھا ، ان کو آگے آنے دیا گیا اور جب آگئے تو جوانوں نے 3 اطراف سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 54 خوارج کو جہنم واصل کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ اطلاعات تھیں کہ ان کے آقا ان کو پاکستان میں گھسنے کا کہہ رہے تھے، خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بارڈر پر بہت سختی کر رہے تھے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بھارت جو بھی قدم اٹھا رہا ہے پکڑا جاتا ہے، فتنہ الخوارج کے داخلے کی بھی ان کی کوشش تھی، خوارج کی تمام لاشیں موجود ہیں ، یہ دہشتگردی کا بہت بڑا ثبوت ہے، اس واقعہ کے بعد اور کلیئر ہوگیا پاکستان کن کی وجہ سے ان حالات سے گزر رہا ہے۔
Leave a Reply