|

وقتِ اشاعت :   5 hours پہلے

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات ہیں کہ بھارت پہلگام واقعہ کو جواز بنا کر اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں فوجی کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے۔ 

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ مستند انٹیلی جنس اطلاعات ہیں کہ بھارت پاکستان کےخلاف فوجی کارروائی کا ارادہ رکھتاہے، بھارت پہلگام واقعے سے جڑے بے بنیاد اور خودساختہ الزامات کو بنیاد بنا رہا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت کی کسی بھی قسم کی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان بھارت کا خطےمیں مدعی،منصف اور جلاد کا خودساختہ کردارمسترد کرتا ہے، پاکستان خود دودہائیوں سے دہشتگردی کا شکار رہا ہے، پاکستان دنیا میں کسی بھی شکل میں دہشتگردی کی سخت مذمت کرتا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات  نے کہا کہ سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے اس طرح کے حملے کرنا بد قسمتی اور افسوس ناک ہے، بھارت کی طرف سے کسی قسم کی فوجی مہم جوئی کا یقینی اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، بین الاقوامی برادری کو سمجھنےکی ضرورت ہے کہ جنگ کے تباہ کن نتائج کی ذمہ داری بھارت پر عائد ہوگی، پاکستان قوم اپنی خودمختاری ،علاقائی سالمیت کا ہرقیمت پر دفاع کرےگی۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان نے ذمے دار ریاست ہونے کا ثبوت دیا، سچائی کو پتا لگانے، محرکات جاننے کے لیے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیش کش کی، بد قسمتی سے بھارت نے غیر معقولیت اور تصادم کے راستے پر چلنےکا انتخاب کیا، یہ خطے اور دنیا میں تباہ کن نتائج کا باعث ہوگا، غیرجانبدارانہ تحقیقات سے فرار بذات خود بھارت کے اصل مقاصد کو بےنقاب کرنے کے لیے بڑ ا ثبوت ہے۔

گزشتہ دنوں مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 بھارتی سیاحوں کے قتل کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ بڑھ گیا ہے۔

بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی سمیت کیے جانے والے اقدامات پر پاکستان نے بھی بھرپور جواب دیا ہے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *