|

وقتِ اشاعت :   4 hours پہلے

حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک کو قومی سلامتی کا نیا مشیر مقرر کردیا ہے۔

 انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سربراہ ملک کے دسویں قومی سلامتی کے مشیر بن گئے ہیں۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ جنرل عاصم ملک ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک ہلال امتیاز (ملٹری)، ڈی جی (آئی) فوری طور پر قومی سلامتی کے مشیر کا اضافی چارج سنبھالیں گے۔

یہ پہلا موقع ہے جب آئی ایس آئی کا کوئی حاضر سروس سربراہ بیک وقت مشیر قومی سلامتی کے طور پر خدمات انجام دے گا۔

یہ پوسٹنگ ایسے وقت میں کی گئی ہے جب حال ہی میں پہلگام حملے کے بعد بھارت کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

این ایس اے کا عہدہ اپریل 2022 سے خالی تھا، جب سابق وزیر اعظم عمران خان کے اعتماد کا ووٹ ہارنے کے بعد پی ٹی آئی حکومت کو برطرف کر دیا گیا تھا، اس وقت معید یوسف این ایس اے کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔

مشیر قومی سلامتی، وفاقی وزیر کا درجہ رکھتا ہے اور قومی سلامتی، خارجہ پالیسی اور اسٹریٹجک امور کے معاملات پر وزیر اعظم کے پرنسپل مشیر کے طور پر کام کرتا ہے۔

مشیر قومی سلامتی اسلام آباد میں وزیراعظم سیکریٹریٹ میں قائم قومی سلامتی ڈویژن کے سربراہ بھی ہوتے ہیں۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *