|

وقتِ اشاعت :   13 hours پہلے

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات میں مطالبہ کیا ہے کہ سعودی عرب خطے میں کشیدگی میں کمی کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔ انہوں نے ایک بار پھر پہلگام واقعے کی غیرجانبدار بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی، وزیراعظم نے پہلگام واقعہ کو بناء ثبوت پاکستان سے جوڑنے کو مسترد کردیا اور پاکستان کی معاشی کامیابیوں کو خطرے میں ڈالنے کی بھارتی کوششیں ناقابل فہم قرار دیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مطالبہ کیا کہ سعودی عرب خطے میں کشیدگی میں کمی کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔ انہوں نے کہا پاکستان جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، پاکستان ہر شکل میں دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، دہشتگردی کیخلاف بڑی قربانیاں دیں، پاکستان کی دہشتگردی کیخلاف جنگ دنیا کیلئے بھی اہم ثابت ہوئی۔

سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ خطے میں امن کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے سعودی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *