|

وقتِ اشاعت :   15 hours پہلے

وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ہر پاکستانی کے ذہن میں یہ سوال گردش کرتا ہے کہ ہم نے ترقی کے سفر میں کیا حاصل کیا؟ پاکستان جب وجود میں آیا تو ہندوستان نے ہمیں کچھ نہیں دیا، مہاجرین کا بوجھ الگ تھا اور بنیادی سہولیات بھی ناپید تھیں۔ آج ہم دنیا کی ایٹمی طاقت ہیں، جے ایف 17 تھنڈر طیارے بنا رہے ہیں اور فائبر آپٹک سسٹم پر کام ہو رہا ہے۔

لاہور کی نجی یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کوئی عام ملک نہیں بلکہ نظریاتی بنیاد پر قائم ہوا ہے، لیکن ترقی کے لیے ایک مستحکم اور پرامن ماحول ضروری ہے۔ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک نے امن، تسلسل، شفافیت اور اصلاحات کو اہمیت دی، لیکن ہم نے جنگوں اور سیاسی عدم استحکام کو ترجیح دی۔

انہوں نے یاد دلایا کہ 2013 میں جب ان کی حکومت آئی تو ملک میں بجلی ناپید تھی ہر روز دہشت گردی کے واقعات ہوتے تھے اور کراچی کا حال یہ تھا کہ روزانہ درجنوں ہلاکتیں خبرنامے کا حصہ بنتی تھیں لیکن چند سالوں میں دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ پر قابو پایا گیا اور سی پیک جیسے منصوبے شروع کیے گئے۔

احسن اقبال نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم نے اپنی ہی کامیابیوں کو تباہ کر دیا۔ دوست ممالک نے 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی لیکن ہم نے ان پر چور ڈاکو کے الزامات لگا دیے۔ سی پیک جیسے بڑے منصوبے کو سیاسی بیانات کے ذریعے سبوتاژ کیا گیا۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے ایک اور موقع دیا ہے اگر ہم نے درست سمت میں کام کیا تو 2047 تک ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان دنیا کے سامنے ہوگا۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *