|

وقتِ اشاعت :   18 hours پہلے

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی نے بھارت کی جانب سے حالیہ انسانی حقوق کی سنگین پامالی اور شہری علاقوں پر بلاوجہ حملے کرنے کے خلاف اور بھارت کے خطرناک عزائم اور مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے اجاگر کرنے سے متعلق مذمتی قرار داد منظور کرلی،ایوان نعرہ تکبیر سے گونج اٹھا ۔

بدھ کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں قائد ایوان وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مذمتی قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوان گزشتہ شب رات کی تاریکی میں بزدل بھارت کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت اورفضائی حدودکی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے مل کے مختلف مقامات جن میں مریدکے ، احمد پور ایسٹ ، مظفرآباد اور کوٹل میں مساجد ،سیالکوٹ کے گاؤں کوٹلی لوہاراں اورشکرگڑھ کے قریب ڈسپنسری پربلااشتعال بزدلانہ حملے کئے گئے جس کے نتیجے میں معصوم اور نہتے متعدد عام پاکستانی شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں جس کی یہ ایوان شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

یہ کہ بھارت کی جانب سے یہ کارروائی انکی اندرونی سیاسی مشکلات اورانتہاء پسندانہ بیانیے کوعلاقائی تناؤ میں رکھنے کی شعوری مذموم کوشش ہے جو بین الاقوامی قوانین ،اقوام متحدہ کے چارٹر اوردوطرفہ معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی ہے مزید برآں یہ حملہ خطے کے امن کو سبوتاژ اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کا حصہ ہے۔یہ ایوان پاک فوج کو دشمن کے اس قسم کے بزدلانہ ،وحشیانہ ،بلااشتعال اور بلاجواز جارحیت کا فوری مکمل اور بھرپور جواب دینے پر خراج تحسین پیش کرتا ہے جنہوں نے نہایت ہی پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کی جارحیت کو ناکام بنایا جس کی بدولت دشمن کے کئی قیمتی جنگی طیارے مار گرائے گئے اورلائن آف کنٹرول پر متعدد پوسٹیں تباہ کیں ۔یہ ایوان اور بلوچستان کے غیور عوام مادر وطن کے چپے چپے کی حفاظت کیلئے ہرقربانی دینے کو تیار ہے

اوراپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑے کھڑے ہیں واضح رہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے مگر اپنی خودمختاری ،سالمیت اوراپنے شہریوں کے تحفظ کے لئے ہرقسم پر مکمل دفاعی جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے یہ ایوان شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاکرتا ہے۔

مذکورہ بالا حقائق کو مدنظر رکھ کریہ ایوان وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارت کی جانب سے حالیہ انسانی حقوق کی سنگین پامالی اور شہری علاقوں پر بلاوجہ حملے کرنے کے ثبوت فوری طور پر اقوام متحدہ ،او آئی سی اورعالمی برادری کے سامنے پیش اور بھارت کے خطرناک عزائم اور مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے اجاگر کرے۔قرار داد پر بات کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کے صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ بھارت کی جارحیت کی مذمت کرتاہوں جب بھی بھارت میں الیکشن ہوتے ہیں بھارت اس کی بہانے بناکر حملے کرتاہے،بھارت دہشت گرد ملک ہے

جس کے ثبوت بلوچستان موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے وجود کو ختم کرنا چاہتا ہے مگر اس کا خواب پورا نہیں ہوگارات کو پاک فوج نے بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دیاہے، اس ملک کی محافظ اللہ تعالیٰ کی ذات ہے، ہماری فوج میں بھرپور جواب دینے کی صلاحیت موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ رات کے واقعہ کے بھارت کو ایک اور دندان شکن جواب دیاجائے ، صبح سویرے سفید جھنڈے لہرا کر بھارت نے اپنی شکست تسلیم کرلی ہے ہمارا پورا تعاون مسلح افواج کے ساتھ ہے جب بھی ہماری ضرورت پڑی جان کی قربانی دینے کو تیار ہیں ۔ جمعیت علماء اسلام کی رکن شاہد رئوف نے کہا کہ انڈیا نے جو بربریت کا مظاہرہ کیاہے اس کی مذمت کرتے ہیں پاکستانی قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے ۔ مسلم لیگ(ن) کے رکن اشوک کمار نے کہا کہ بھارت نے رات کے اندھیرے میں ہمارے بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا جسکی ہم مذمت کرتے ہیں بھارت نے رات کو حملہ کیا

پاکستان نے دنیا کی روشنی میں بھر پور جواب دیامودی سرکار نے رات کے اندھیرے میں عوام کو نشانہ بنایا وہ قابل مذمت ہے بھارت ڈرامہ رچاکر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہماری فوج نے دن کی روشنی میں بھارت کے پانچ جہاز گرائے۔

پارلیمانی سیکرٹری حادیہ نواز نے کہا کہ بھارت کو مسلح افواج نے تا ریخی شکست دی ہے بھارتی فوجوں نے سفید جھنڈے لہرا کر شکت تسلیم کرلی ہے بھارتی حملے کے حملے میں بچوں اور خواتین کو شہید کیاگیا پاک فوج نے بھارتی فوج کو بھرپور جواب دیاہے پاکستان نے ہمیشہ بھارت شکست سے دو چار کیاہے۔ نیشنل پارٹی کے رکن خیر جان بلوچ نے کہا کہ ہم سب مشترکہ قرارداد کی حمایت کرتے ہیں یہ عمل بھارت کی جنونیت کی عکاسی کرتا ہے ملک کی سالمیت مقدم ہے ہم اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے رکن حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ انڈیا کے جدید رافیل طیارے ان کے گھر میں گھس کر گرائے ہیں یہ ہمارا انڈیا کے لئے چھوٹا سا پیغام ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سارے عوام مسلح افواج کے ساتھ ہیں۔

مسلم لیگ(ن) کے رکن زرک مندوخیل نے کہا کہ بھارت کے خلاف قوم اور افواج ایک پیج پر ہیں بھارت نے مساجد پر حملہ کر کے معصوم شہریوں کو شہید کیا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔پاکستان نے اب تک صرف اپنا دفاع کیا ہے جواب دینا باقی ہے ۔جمعیت علماء اسلام کے رکن میر زابد علی ریکی نے کہا کہ عالمی برادری انڈیا پر پابندیاں عائد کرے بھارت کو دہشت گرد ملک قرار دیا جائے ۔

جمعیت علماء اسلام کے رکن روی کما ر نے کہا کہ پہلگام ڈرامہ جب ناکام ہوا تو مودی نے اپنی فوج آگے کر حملہ کیا ہماری مسلح افواج نے انڈیا کو منہ توڑ جواب دے بھاگنے پر مجبور کیا ۔صوبائی وزیر نور محمد دمڑ نے کہا کہ یہ قرارداد بلوچستان کے ڈیڑھ کروڑ عوام کی آواز ہے بلوچستان کا بچہ بچہ مسلح افواج کے ساتھ ہے،ایف آئی اے سوشل میڈیا میں کالی بھیڑوں کا صفایا کرے ۔

وزیراعلیٰ کی مشیر ربابہ بلیدی ، صوبائی وزیر مینہ مجید، پارلیمانی سیکرٹری لیاقت لہڑی، صمد گورگیج ،سید ظفر آغا ،غلام دستگیر بادینی ، نے کہا کہ بھارت کاحملہ ان کی بزدلانہ سوچ کی عکس ہے ، مسلح افواج نے مستعدی کا مظاہرہ کیا ہے ہماری مسلح افواج کو جو ضرورت پڑی تو عوام دینے کے لئے تیار ہیں بھارت اس دن سے ڈرے جب ہم جنگ کا اعلان کریں گے ۔

صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ رات کو انڈیا نے جس بزدلی کا مظاہرہ کیا میں اسکی مذمت کرتا ہوں انڈیا نیرات کے اندھیرے میں مساجد اور ڈسپنسری پر حملہ کیا پاکستان کی افواج نے جو جواب دیا اس انڈیا میں کھلبلی مچ گئی ہے ۔

پبلک اکائو نٹس کمیٹی کے چیئر مین اصغر علی ترین نے کہا کہ انڈیا صرف پاکستان پر حملہ آور نہیں ہوا بلکہ اسرائیل بھی اسکے ساتھ ہے اب مسلمانوں کو متحد ہونا چاہیے میں ان تمام ممالک کو پیغام پہنچانا چاہتا جو پاکستان کونقصان پہنچانا ہیں کہ یہاں کے عوام غیرت مند ہیں۔

اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری عبدالمجید بادینی نے ایوان میں نعرے تکبیر بھی لگایا۔

رکن اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن نے کہا کہ ہماری بہادر قوم ملک کا دفاع کرسکتی ہے اب اتحاد واتفاق پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔بعدازاں ایوان نے بھارت کے حملے کیخلاف مشترکہ مذمتی قرارداد منظور کرلی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *