|

وقتِ اشاعت :   8 hours پہلے

پاکستان کی جانب سے انڈیا پر ڈرونز کے ذریعے دراندازی کرنے اور اس دوران متعدد ڈرونز گرانے کے دعوے کے بعد انڈیا نے کہا ہے کہ یہ کارروائی پاکستان کی بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب انڈین تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کا جواب تھا۔

انڈیا کی وزاتِ دفاع کی جانب سے جمعرات کو جاری کیے گئے بیان میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ سات اور آٹھ مئی کی درمیانی شب پاکستان نے ڈرونز اور میزائلوں کی مدد سے شمالی اور مغربی انڈیا میں متعدد عسکری اہداف کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

انڈیا کی جانب سے یہ الزام پاکستانی فوج کے ان دعووں کے بعد سامنے آیا ہے کہ انڈیا نے سات اور آٹھ مئی کی درمیانی شب اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کی مدد سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کی اور اس نے 25 ایسے ڈرونز مار گرائے۔

انڈیا، پاکستان

 

انڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان نے جن مقامات پر اہداف کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ان میں آونتیپورہ، بھٹنڈہ، چندی گڑھ، نال، پھالودی، اترلائی اور بھوج شامل ہیں۔

بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان حملوں کو انڈین ایئر ڈیفنس نظام کی مدد سے ناکام بنایا گیا اور پاکستان کے حملوں کا ثبوت دکھانے کے لیے مختلف مقامات سے تباہ شدہ میزائلوں اور ڈرونز کا ملبہ جمع کیا جا رہا ہے۔

انڈین وزارتِ دفاع کا دعویٰ ہے کہ پاکستانی حملے کے جواب میں انڈین فوج نے پاکستان میں ایئر ڈیفینس ریڈارز اور دفاعی نظام کو نشانہ بنایا اور یہ کہ انڈیا کا جواب پاکستان کے اقدام کا اسی شعبے میں اسی شدت سے دیا گیا جواب ہے۔

انڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اس کارروائی میں لاہور میں موجود ایک ایئر ڈیفینس سسٹم ناکارہ بنا دیا گیا۔

پاکستانی فوج یا حکومت کی جانب سے تاحال انڈین دعووں پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا تاہم جمعرات کی دوپہر پاکستانی فوج کے ترجمان نے جن علاقوں میں انڈین ڈرونز گرانے کا دعویٰ کیا تھا ان میں لاہور بھی شامل تھا۔

لاہور میں والٹن کے علاقے میں جمعرات کی صبح اور دوپہر متعدد دھماکے بھی سنے گئے تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *