امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ یہ سوچ تک نہیں آنی چاہیے کہ پاکستان پر حملہ ہوگا اور پاکستان کی جانب سے جوابی ردعمل نہیں آئے گا، اب تک پاکستان نے صرف حق دفاع استعمال کیا، جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد بغیر کسی ثبوت جارحیت کا مظاہرہ قابلِ مذمت ہے، عالمی برادری سے سوال ہے کہ کیا دنیا ایک ایسی مثال قائم کرنا چاہتی ہے کہ بغیر کسی ثبوت ایک خودمختار ملک کے خلاف کھلی جارحیت کا مظاہرہ کیا جائے؟
امریکا میں تعینات سفیر نے کہا کہ گزشتہ 3 راتوں سے بھارت کی جانب سے اشتعال انگیزی اور جارحیت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے، پاکستان نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حق دفاع کا استعمال کیا، ثبوت کے بغیر الزام تراشی انتہائی مضحکہ خیز ہے۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی غیر جانب دارانہ اور شفاف انکوائری کی پیشکش کی، کشیدگی نہیں چاہتے، تاہم اشتعال انگیزی اور جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، پاکستان جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے، ہم پر پاکستان کے عوام کا بھی بہت دباؤ ہے، کہ بھارتی جارحیت کا جواب دیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی حملے میں پاکستان کے معصوم شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا گیا، کرکٹ اسٹیڈیم میں کون سا دہشت گردی کا مرکز کام کر رہا تھا؟ ہندوتوا فلسفے کے پیروکاروں اور اس پر عمل پیرا حکومت کی جانب سے لیکچر مضحکہ خیز اور ناقابلِ قبول ہیں۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے خطے میں جو کچھ کیا جاتا رہا ہے، اس سے تسلط پسندانہ رویے کی عکاسی ہوتی ہے۔
Leave a Reply