امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ میرے خیال میں پاک بھارت تنازع حل ہوگیا ہے، ہماری بات پر پاکستان اور بھارت بہت خوش ہوئے، دونوں ممالک کو کہا کشیدگی کم کریں، ہم تجارت کرتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں زبردست ایٹمی طاقتیں ہیں، دونوں کے درمیان معمولی نوعیت کا ایٹمی ٹکراؤ بھی ہوتا تو لاکھوں لوگ مارے جاتے، جس کے باعث ہمیں جنگ بندی کے لیے کودنا پڑا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے دونوں روایتی حریف ملکوں کو قائل کر لیا کہ آئیں امن قائم کریں اور آپس میں معاہدہ کریں۔
امریکی صدر نے کہا کہ یہ بہت اہم معاملہ تھا، ہم بھارت اور پاکستان کے درمیان ماحول کو ٹھنڈا کرنے کے لیے شامل ہوئے، مارکو روبیو، جے ڈی وینس نے اہم کردار ادا کیا، اس میں ٹیم کے دوسرے لوگ بھی شامل تھے، کیونکہ دونوں ملک بہت مضبوط نیوکلیئر طاقتیں ہیں، درحقیقت بہت ہی زبردست نیوکلیئر طاقت ہیں اور معاملہ بہت سنجیدہ ہوگیا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ چاہے معمولی حد تک ہی کیوں نہ ہو، جوہری جنگ شروع ہو جاتی تو یہ واقعی کسی بہت بڑی تباہی کی شروعات ہو سکتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ صرف ایک یا دو حملوں میں بھی لاکھوں لوگ مارے جا سکتے تھے اور مجھے لگا کہ یہ وہ معاملہ ہے جس میں ہمیں شامل ہونا چاہیے، میں نے اچھا کام کیا، مارکو روبیو نے اچھا کام کیا اور جے ڈی وینس نے بھی اچھا کام کیا ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہم ایک طرح سے ایک ٹیم بن گئے تھے اور میرے خیال میں، ہم نے انہیں قائل کر لیا کہ آئیں امن قائم کریں اور آپس میں معاہدہ کریں۔
Leave a Reply