کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے پاکستان باوقار اور ناقابل تسخیر ملک ہے ریاست پاکستان اپنی آزادی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتی اگر کسی نے مادرِ وطن کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کی تو وہ آنکھ نکال دی جائے گی
پاکستان نے بارہا ثابت کیا ہے کہ وہ نہ صرف امن کا خواہاں ہے بلکہ ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یوم تشکر کی مناسبت سے منعقدہ عظیم الشان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں صوبائی وزراء، پارلیمانی سیکرٹریز، اراکین اسمبلی، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور شہداء کی فیملیز نے شرکت کی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حالیہ دہشت گرد حملہ جو بھارت میں پاکستان کی سرحد سے سینکڑوں کلومیٹر دور ہوا اس کا الزام بغیر کسی تحقیق کے محض چند منٹوں میں پاکستان پر لگا دیا گیا
پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست ہونے کے ناطے نہ صرف شفاف تحقیقات کی پیشکش کی بلکہ دیگر ممالک کو بھی اس عمل میں شامل کرنے کا عندیہ دیا مگر بھارت کے غرور اور تکبر نے ایک بار پھر جنگی جنون کا راستہ اپنایا انہوں نے کہا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملے کی کوشش کی جس کا منہ توڑ جواب دیا گیا جیسے ایک اینکر نے کہا کہ حملے کے بعد بھارت سیز فائر کی منتیں کرتا پھر رہا تھا یہ ہماری عسکری تیاری، جذبہ ایمانی، اور قومی وحدت کا نتیجہ تھا کہ دشمن کو بھرپور جواب ملا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر وقت وطن عزیز کے دفاع کے لیے تیار ہیں
پوری قوم اپنے سپہ سالار اور افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دلیری پر فخر کرتی ہے بلوچستان کے عوام کی جانب سے میں پاک فوج کے سربراہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ جس حکمت عملی، جرات اور عزم کے ساتھ انہوں نے دشمن کو ناکام بنایا، وہ رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک زندہ قوم ہے
جو اپنے دفاع کو عبادت سمجھتی ہے آج ملک بھر میں یوم تشکر کی تقریبات اس بات کی دلیل ہیں کہ ہم اپنی فتح کو اجتماعی شعور اور قومی اتحاد سے مناتے ہیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم بارہا دنیا کو یہ پیغام دے چکے ہیں کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، ہم خطے میں استحکام چاہتے ہیں،
لیکن اگر کوئی ہماری امن پسندی کو کمزوری سمجھتا ہے اور ہمارے صبر کا امتحان لینا چاہتا ہے، تو ہم پھر سے تیار ہیں۔
اسے ویسا ہی دندان شکن جواب ملے گا، جیسا پہلے ملا وزیر اعلیٰ نے تقریب میں شرکت پر تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ قومی اتحاد اور یگانگت کا عملی مظاہرہ ہے جو دشمن کو واضح پیغام دیتا ہے کہ پاکستان ایک مضبوط، متحد اور پرعزم ریاست ہے
Leave a Reply