|

وقتِ اشاعت :   4 hours پہلے

امریکا میں تعینات سفیرِ پاکستان رضوان سعید شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ بندی میں امریکا نے نمایاں کردار ادا کیا ہے، اور اس حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بذات خود جنگ بندی کا اعلان امریکی کردار کو واضح کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے امریکی قیادت کا کردار قابلِ تحسین ہے، اور صدر ٹرمپ امن کے داعی ہیں۔ سفیر پاکستان کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل میں پیش رفت کے لیے صدر ٹرمپ کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے، اور امید ہے کہ ان کوششوں کو جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ معاملے کو طے شدہ طریقہ کار کے مطابق پایۂ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

رضوان سعید شیخ نے واضح کیا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پائیدار اور مستقل حل چاہتا ہے۔

انہوں نے بھارت کی جانب سے پانی روکنے کے عزائم کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان کا پانی روکا تو یہ اعلانِ جنگ تصور کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کی کوئی شق نہیں، اور بھارت کا رویہ لاقانونیت کے ایک تسلسل کا مظہر ہے۔

سفیر پاکستان نے خبردار کیا کہ بین الاقوامی برادری کسی صورت پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کے غیر قانونی اور غیر انسانی عمل کی حمایت نہیں کرے گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پچیس کروڑ کی آبادی کا پانی روکنے کا اقدام جنگی جارحیت کے مترادف ہو گا۔

اپنے بیان میں انہوں نے بھارتی قیادت کے حالیہ بیانات کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ایسے بیانات کشیدگی کو ہوا دینے کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے ان بیانات کو ہندوتوا کی دہشت گردانہ سوچ کی عکاسی قرار دیا۔ بھارتی پارلیمنٹ میں اکھنڈ بھارت کا نقشہ پیش کیے جانے کو انہوں نے تسلط پسندانہ سوچ اور مذموم مقاصد کی نشاندہی قرار دیا۔

رضوان سعید شیخ نے کہا کہ بھارتی قیادت اپنی داخلی ضروریات کے لیے پاکستان کارڈ کھیل رہی ہے اور قومیت کو ہوا دے رہی ہے جو کہ نہایت خطرناک روش ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نفرت کا بیانیہ بھارت میں انتخابی خساروں کی پردہ پوشی کے لیے فروغ دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بلوچستان میں بھارتی کردار کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں معصوم بچوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے دہشت گرد اور ان کے نظریاتی و مالیاتی سرپرست انسانیت کی بدترین مثال ہیں۔

سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل اور خطے میں پائیدار امن کے لیے عالمی برادری کو بھارت پر دباؤ ڈالنا ہو گا، تاکہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *