|

وقتِ اشاعت :   May 24 – 2025

پی ٹی آئی کا اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کا دروازہ کھلتا ہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں، پاک فوج کا اعلانیہ مؤقف ہے کہ ہمارا کام سیاستدانوں سے سیاسی مذاکرات کرنا نہیں، بانی پی ٹی آئی جس انجام سے دو چار ہیں اس کا راستہ انہوں نے خود چنا۔

بانی پی ٹی آئی کی اسٹیبلشمنٹ سے براہ راست بات چیت کی خواہش، مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے سماء سے  گفتگو میں کہا کہ  پی ٹی آئی کا اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کا دروازہ کھلتا ہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں، اسٹیبلشمنٹ کے دروازے پر دستک دے دے کر پی ٹی آئی کے ہاتھ زخمی ہوگئے ہیں، اسٹیبلشمنٹ پی ٹی آئی  سے بات چیت نہیں کررہی تو ہم کیا کریں۔

ان کا کہنا ہے کہ پاک فوج کا اعلانیہ مؤقف ہے کہ ہمارا کام سیاستدانوں سے سیاسی مذاکرات کرنا نہیں، بانی پی ٹی آئی سے نہ کوئی نوری ملا ہے نہ  ناری اورنہ ہی خاکی۔

عرفان صدیقی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی فوج کی دہلیز پر کب سے بیٹھے ہیں، اگر یہ ڈیل اور ڈھیل نہیں چاہتے تو پھر وہاں کیوں بیٹھے ہیں؟، بانی پی ٹی آئی کیا چاہتے ہیں یہ معاملہ سمجھ سے بالاتر ہے، پی ٹی آئی ایک ہارا ہوا لشکر ہے جس کے پاس مستقبل کا کوئی لائحہ عمل نہیں، پی ٹی آئی کو سمجھ نہیں آرہی کہ اب وہ کیا کرے۔

ن لیگی سینیٹر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی یاد رکھے جب بھی سیاستدانوں نے کوئی راستہ نکالا مل کر نکالا، پی ٹی آئی ایک پالیسی بنائے، ایک ایجنڈا پر متفق ہوکر بات چیت کیلئے حکومت کے پاس آئے، بانی پی ٹی آئی جس انجام سے دو چار ہیں اس کا راستہ انہوں نے خود چنا۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *