وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کا پانی روکنا چاہتا ہے جو کبھی نہیں ہوسکتا۔ بھارت کا پاکستان کے حصے کا پانی بطور ہتھیار استعمال کرنا افسوسناک ہے۔ پانی پاکستان کے 24 کروڑ لوگوں کی لائف لائن ہے۔
لاچین میں سہ فریقی سمٹ سے خطاب میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان دنیا میں دہشتگردی سے متاثرہ سب سے بڑا ملک ہے، دہشتگردی کے خلاف پاکستان نے90ہزار جانیں قربان کیں۔ ہر قسم کی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے ہم نے ہمیشہ امن کی بات ہے، بھارت نے پاکستان کا پانی روکنے کی دھمکی دی، بھارت پاکستان کا پانی روکنا چاہتا ہے جو کبھی نہیں ہوسکتا، ہم نے مکمل کوشش کی کہ بھارت ایسا نہیں کرسکتا، سندھ طاس معاہدہ پاکستانیوں کی لائف لائن ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں، مسئلہ کشمیر کا حل سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق چاہتے ہیں، بھارت مذاکرات کی میز پر بیٹھے اور مسئلہ کشمیر اور دیگر مسائل پر بات کرے، مسائل کو مذاکرات کی میز پر بیٹھ کرحل کرنا چاہتے ہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ پہلگام واقعہ کی آڑ میں بھارت نے جارحیت کا راستہ اپنایا، بھارت نے بغیر شواہد پہلگام واقعہ کا پاکستان پر الزام لگایا، پہلگام واقعہ پر ہم نے بھارت کو تحقیقات کیلئے تعاون کی پیشکش کی، فیلڈمارشل عاصم منیر نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں قائدانہ کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خوش قسمت ہے اسکے پاس ترکیہ، آذربائیجان جیسے سچے دوست ہیں، تینوں ممالک اعلیٰ اقدار، امن، انصاف کیلئے ساتھ کھڑے ہیں، بنیادی ایشوز پر تینوں ممالک ایک دوسرے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان مذہب، اقدار، ثقافت اور تاریخ میں بندھے ہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ بہترین میزبانی پر صدر آذربائیجان کا شکریہ ادا کرتاہوں، آذربائیجان کے صدر،عوام کویوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتاہوں، اردوان نے جس انداز میں پی کےکے کا مسئلہ حل کیا وہ قابل ستائش ہے۔ کشمیر، کاراباخ اور قبرص کے ایشوز پر تینوں ملک ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔ اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ تعاون، دوستی کو نئی بلندی تک لے جانا ہے۔
Leave a Reply