پاکستان اور ایران کے درمیان مواصلات کے شعبے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔
ایران کے دارالحکومت تہران میں اقتصادی تعاون تنظیم اجلاس کے موقع پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے تہران میں ایران اور قازقستان کے وزرا نے ملاقاتیں کیں۔ باہمی تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ پاکستان اور ایران کے درمیان مواصلات کے شعبے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی ہوگئے۔
ایرانی وزیر روڈ و شہری ترقی فرزانہ صادق نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور پاکستانی وفد کا خیر مقدم کیا۔ فرزانہ صادق سے ملاقات میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان اور ایران دیرینہ مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ تہران میں ای سی او کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے، اس سے خطے پر مثبت اثرات ہوں گے۔
پاکستان اور ایران کے درمیان مواصلات کے شعبے میں باہمی تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کر دیئے گئے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اور ایرانی وزیر فرزانہ صادق نے تقریب میں شرکت کی۔ کہا دونوں ممالک باہمی تعاون کے فروغ میں فعال کردار ادا کریں گے۔
قازقستان کے وزیر ٹرانسپورٹ مارات کارابائیف بھی عبدالعلیم خان سے ملے۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قازقستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان وسط ایشیائی ریاستوں تک زمینی رابطے بڑھانا چاہتا ہے۔ ای سی او اجلاس علاقائی رابطوں کے فروغ کا باعث بنے گا۔ قازقستان کے وزیر ٹرانسپورٹ نے پاکستان کے ساتھ باہمی تعاون بالخصوص روڈ انفراسٹرکچر میں تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔۔ ملاقات کے دوران تحائف کا تبادلہ بھی کیا گیا۔
Leave a Reply