وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر کو پاکستان ریلویز نیٹ ورک سے منسلک کرنے کیلئے کام تیز تر کرنے کی ہدایت کر دی۔ کہا علاقائی تجارت اور روابط کو بہتر بنانے کے لئے ریلوے کو جدید بنیادوں پر ترقی دینا قومی پالیسی کا اہم جز ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز سے متعلق اجلاس ہوا۔ شہباز شریف نے کہا ریلوے کے نظام کسی بھی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ معاشی اور صنعتی ترقی کیلئے ریلوے انفراسٹرکچر کی پائیدار بنیادوں پر تعمیر نو کی ضرورت ہے ۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارتی روابط بڑھانے کیلئے ریلوے نیٹ ورک کو وسیع کیا جائے۔ گوادر کو پاکستان ریلویز نیٹ ورک سے منسلک کرنے کا کام تیز تر کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔ وزیراعظم نے ریلویز میں جاری اصلاحات اور نئے منصوبوں کی رفتار پر وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی تعریف کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے وزیر اعظم کو پاکستان ریلویز میں جاری اصلاحات پر بریفنگ دی۔ بتایا کہ پاکستان ریلویز میں مزید سرمایہ کاری کی بے پناہ استطاعت ہے۔ بڑے اور اہم ریلوے اسٹیشنز پر جدید انفارمیشن ڈیسک بنائے جا رہے ہیں۔ لاہور، راولپنڈی اور ملتان کے ریلوے اسٹیشنز پر صفائی ستھرائی کا نظام آؤٹ سورس کیا گیا ہے۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ 155 ریلوے اسٹیشنز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے، اس سے کئی ملین روپے کی بچت ہوگی۔ رائٹ سائزنگ پالیسی کی تحت 17 ہزار 101 اسامیاں ختم کی گئیں ہیں۔ مستقبل میں مزید 5 ہزار 696 اسامیاں ختم کی جائیں گی۔
Leave a Reply