|

وقتِ اشاعت :   September 2 – 2025

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک فیز ٹو سے پاکستان اور چین کا تعاون نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔

احسن اقبال نے پاکستان چین تعاون کے نئے مواقع پر بات چیت کے لیے تیانجن کا دورہ کیا اور ہوان شینگ نیو انرجی سولر پلانٹ کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک فیز ٹو کے ذریعے بندرگاہوں، قابلِ تجدید توانائی اور لائیو اسٹاک سیکٹر کی مضبوطی کے مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہوان شینگ پلانٹ چوتھی صنعتی انقلاب کی سطح کا خود کار منصوبہ ہے، پاکستان بھی جدید توانائی منصوبوں سے فائدہ اٹھائے گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان زرعی شعبے میں چین کی مدد سے بائیوٹیکنالوجی میں تعاون کو فروغ دے گا، چینی ٹیکنالوجی اور تجربے سے بھرپور استفادہ کے لیے پلیٹ فارم بنا رہے ہیں۔ مستقبل سولر اور گرین انرجی کا ہے، چینی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔

احسن اقبال نے جانوروں کی ویکسین تیار کرنے والی کمپنی کا دورہ کیا اور پاکستان میں پلانٹ لگانے کی پیشکش کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لائیو اسٹاک زرعی معیشت کا مضبوط ستون ہے، جانوروں کو بیماریوں سے پاک کر کے گوشت کی برآمدات بڑھانا اہم ہدف ہے۔