|

وقتِ اشاعت :   September 10 – 2025

وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ افواج پاکستان کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا ناقابل برداشت ہے۔ کچھ لوگ سوشل میڈیا پر اداروں کو نشانہ بنارہے ہیں۔  تضحیک کرنے والوں کاپتا لگا کران کا سرکچلنا ہوگا۔

شہبازشریف نے کہا کہ دہشتگردی اور فتنہ پھیلانے والوں کی نشاندہی کرنا ہوگی۔ پاکستان کو خوارج سے ہمیشہ کیلئے نجات دلائیں گے۔

وزیراعظم نے وفاقی کابینہ اجلاس میں مادر وطن کیلئے جان قربان کرنے والے میجر عدنان شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔ کہا میجر عدنان شہید نے ملک اور قوم کیلئے جان کی قربانی دی، نماز جنازہ میں میجر عدنان شہید کے خاندان سے ملاقات ہوئی، شہید عدنان کے والد کا حوصلہ جوان تھا، پاکستانی قوم کو اپنے شہدا پر فخر ہے۔

شہبازشریف نے کلائمیٹ  اور زرعی ایمرجنسی لگانے کا اعلان کردیا، کہا سیلاب سے نقصانات  سے متعلق ایک ہفتے میں جائزہ مکمل ہوگا، وفاق اپنا کردار ادا کرے گا، صوبے بھی اپنا حصہ ڈالیں۔ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب نے بڑی تباہی مچائی، سیلابی پانی اب سندھ میں داخل ہورہا ہے، ماحولیاتی تبدیلی سے ایک دن میں نہیں نمٹا جاسکتا، سیلاب کے باعث 1000افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، فصلوں کو کتنا نقصان پہنچا؟ایک ہفتے میں جائزہ مکمل ہوجائے گا۔