|

وقتِ اشاعت :   September 11 – 2025

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان مشکل وقت میں امیر قطر، شاہی خاندان اور قطر کے عوام کے ساتھ ہے، مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کی ڈھٹائی سے جاری جارحیت کو روکنا ہوگا۔

دوحہ میں وزیر اعظم شہباز شریف کی امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات ہوئی، جس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے دوحہ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی۔

شہباز شریف نے قطر کی قیادت اور عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ  اسرائیلی حملہ قطر کی خود مختاری، علاقائی سلامتی کی کھلی خلاف ورزی ہے، دونوں ملک ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیر اعظم نے پاکستان اور قطر کے درمیان تاریخی، برادرانہ تعلقات کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کو اسرائیلی اشتعال انگیزیوں کے مقابلے میں اپنی صفوں میں اتحاد کی ضرورت ہے،  قطر کی درخواست پر پاکستان نے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کی تھی۔

وزیراعظم نے  15 ستمبر کو غیر معمولی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کی میزبانی کے قطر کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے او آئی سی کو سربراہی اجلاس کے شریک اسپانسر اور انعقاد کیلئے اپنی رضا مندی ظاہر کی۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے رواں سال بھارت کی بلاجواز جارحیت میں پاکستان کیلئے حمایت پر امیر قطر سے اظہار تشکر کیا، امیر قطر نے اظہار یکجہتی کے لیے دوحہ کا دورہ کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا،  دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن کو فروغ دینے، بین الاقوامی قانون کی پاسداری کیلئے قریبی ہم آہنگی پر اتفاق کیا۔

دونوں رہنماؤں نے فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت میں بھی قریبی ہم آہنگی پر اتفاق کیا اور پاک قطر برادرانہ تعلقات اور خطے میں امن و استحکام کیلئے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف قطر کا ایک روزہ دورہ مکمل کرکے واپس وطن روانہ ہوگئے، ان کی دوحہ میں  قطری امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات ہوئی۔

وزیراعظم نے دوحہ پر بلا جواز اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی اور قطری امیر اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

اعلامیے کے مطاببق وزیراعظم نے امیر قطر سے ملاقات میں پاکستان اور قطر کے دیرینہ تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے قطر کا ہمیشہ ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا اور دیتا رہے گا۔

 

ملاقات میں اسرائیل کےخطے کے مختلف ممالک پر بلاجواز حملوں پر بات ہوئی، وزیراعظم کی امیر قطر سے ملاقات میں خطے میں امن کے قیام کیلئے مشاورت کی گئی۔

اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ ہنگامی دورے پر قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچے تھے،  جہاں قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر مملکت دفاع شیخ سعود بن عبدالرحمٰن نے ان کا استقبال کیا تھا۔

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللّٰہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ موجود تھے۔