وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ جیل میں بیٹھا شخص دہشت گردوں کا چیف اسپانسر ہے اور دہشت گردوں کو اس سے سہولت کاری ملتی ہے لیکن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے والے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لندن کی عدالت کا فیصلہ پی ٹی آئی کی شکست ہے، ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے والے عناصر کو برداشت نہیں کیا جائے گا، پی ٹی آئی کا ٹولہ دہشت گردوں کا سہولت کار ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ جیل میں بیٹھا شخص دہشت گردوں کا چیف اسپانسر ہے اور دہشت گردوں کو اس سے سہولت کاری ملتی ہے لیکن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے والے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
دہشت گردی کی سہولت کاری کے لیے سہیل آفریدی کو لایا گیا، جیل میں بیٹھے شخص کے دور میں دہشت گردوں کو واپس لایا گیا، کے پی کی سیاست بھی اسی کے ارد گرد گھوم رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، پاکستان کی سیکیورٹی اسلام آباد میں بنتی ہےاور وہیں بنے گی، ملک کی پالیسی افغانستان میں نہیں بنیں گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ریاستی اداروں اور قومی اداروں کے خلاف بیانیہ ناکام ہوگیا، لندن کی عدالت کا فیصلہ ایسے عناصر کے منہ پر زور دار طمانچہ ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ تحریک انصاف کا انشتاری ٹولہ اور دہشت گردوں کا سہولت کار ہے، جیل میں بیٹھے شخص کے دور میں دہشت گردوں کو واپس لایا گیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمارے شہدا کے لواحقین عظیم مرتبے پر فخر محسوس کرتے ہیں، قوم شہدائے وطن کو سلام پیش کرتی ہے، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل شہدا کی نماز جنازوں میں شریک ہوئے، پاک سرزمین کے بہادر سپوتوں کے عزم اور جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔
قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ہر ریاست مخالف سازش کو بین الاقوامی عدالتوں اور فورمز پر شکست ہوئی ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ آج کا لندن کی عدالت کا فیصلہ درحقیقت پاکستان کے حق میں آیا ہے۔ پاکستان کے دشمنوں اور اُس کے آلہ کاروں کا ہر میدان میں شکست مقدر ہے۔