کوئٹہ / ضلع کچھی: وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (BLA) نہ صرف سیکیورٹی فورسز بلکہ بلوچ عوام کی بھی دشمن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کچھی میں پولیو ٹیم پر حملے کی کوشش ناکام بنائے جانے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کیا۔
سرفراز بگٹی نے کہا “میں ہمیشہ یہ کہتا آیا ہوں کہ BLA نہ صرف ہماری سیکیورٹی فورسز بلکہ عام بلوچ عوام کی بھی دشمن ہے۔”
انہوں نے بتایا کہ ضلع کچھی میں پولیو ٹیم پر حملے کی ناپاک کوشش کو لیویز فورس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنایا، جس کے دوران BLA کے 15 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ وزیراعلیٰ نے لیویز اہلکاروں کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بلوچستان کے معصوم بچوں کو پولیو ویکسین سے محروم رکھنے کی سازش کو ناکام بنایا۔