|

وقتِ اشاعت :   November 15 – 2025

وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہفتے کے روز وانا کے کیڈٹ کالج کا دورہ کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے واقعات کے ذمہ دار ’سرحد پار‘ کے عناصر ہیں۔

ٹیلی ویژن پر دکھائی گئی تقریر میں محسن نقوی نے کالج میں جمع قبائلی عمائدین سے کہا کہ پاکستان کے کئی عہدیدار (جن میں وہ خود، نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار اور وزیر دفاع آصف خواجہ شامل ہیں) افغانستان سے دہشت گردی کے مسئلے پر بات کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے انہیں بار بار ایک بات بتائی کہ دہشت گردی کو روکا جائے، ہمارے ملک میں امن کو تباہ نہ کریں۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان کے اقتصادی اشاریے اور دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات درست سمت میں جا رہے ہیں، تاہم ’سرحد پار‘ کے عناصر ملک میں حملے کر رہے ہیں۔

انہوں نے اسلام آباد میں منگل کے روز ہونے والے خودکش دھماکے کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ اس میں بھی سرحد پار کے عناصر ملوث تھے۔

محسن نقوی نے کہا کہ ہمارے مقامی لوگ (یہ حملے کرنے کے) عادی نہیں ہیں، کچھ عرصے سے آپ دیکھ سکتے ہیں کہ کسی بھی حملے میں کوئی مقامی شہری ملوث نہیں رہا۔

وزیر داخلہ کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خیبر پختونخوا فرنٹیئر کور (جنوب) کے انسپکٹر جنرل میجر جنرل مہر عمر خان نے وفاقی وزیر کو کالج میں خوش آمدید کہا۔

دورے کے دوران محسن نقوی نے پاکستانی فوج کے افسران اور سپاہیوں سے ملاقات کی، جنہوں نے حملے کو ناکام بنانے میں حصہ لیا اور کالج کے طلبہ اور اساتذہ سے بھی ملاقات کی۔

بیان میں کہا گیا کہ محسن نقوی نے کالج کی تزئین و آرائش کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ پاکستان آرمی اور فرنٹیئر کور نے تمام طلبہ اور اساتذہ کو محفوظ طریقے سے بچا کر شجاعت اور پیشہ ورانہ مہارت کی شاندار مثال قائم کی۔

انہوں نے کہا کہ دشمن آرمی پبلک اسکول جیسے حملے کو انجام دینا چاہتا تھا، لیکن ہمارے بہادر سپاہیوں نے کوشش ناکام بنا دی، دہشت گردوں کو جہنم بھیج دیا اور سازش کو ناکام بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ وہ وحشی ہیں جن کا انسانیت سے کوئی تعلق نہیں، کوئی بھی مذہب بچوں کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیتا، اور یہ درندے کوئی مذہب نہیں رکھتے، انہیں انسان کہنا انسانیت کی توہین ہے۔

پاکستان حال ہی میں خاص طور پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں اضافے کا سامنا کر رہا ہے۔

نومبر 2022 میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حکومت کے ساتھ امن معاہدہ توڑنے کے بعد سیکیورٹی فورسز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے خلاف حملوں میں شدت پیدا کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔

 پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کر دیا ہے کہ دہشت گردی کی روک تھام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے سنیچر کو جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا کے کیڈٹ کالج کا دورہ کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ ہمارے دشمن آرمی پبلک سکول جیسی کارروائی کرنا چاہتے تھے لیکن ہماری افواج نے بروقت کارروائی سے حملہ ناکام بنا دیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت سے کسی بھی معاملے پر آپ کے اختلافات یا ناراضگی ہو سکتی ہے لیکن کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ آسلحہ اُٹھا کر محاذ آرائی شروع کر دے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کر دیا ہے کہ دہشت گردوں سے کوئی بات چیت نہیں ہو گی۔