اسلام آباد: سینئر سیاست دان وسابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں شہری ذمہ داری کے اصولوں سے آگاہ، امانت داراور شہر سے مخلص نمائندوں کا انتخاب، شہر ی وسائل کو ذات کیلئے استعمال، سرکاری املاک ، فٹ پاتھ ، تھڑوں کو اپنے نام الاٹ کرنے والوں کا احتساب کیا جائے، چھوٹا لندن ،اب بحرانوں کا مرکز ہے ،
شہر کے حالات اس کا حلیہ شہریوں کا آئینہ دار ہے یہاں آباد لوگ سالوں کے تجربات کے بعد اپنی اجتماعی شہری ذمہ داریاںپوری کرتے ہوئے بہترین انتخاب کریں جو ذاتی مفادسے بالا ہوتر ہو۔
یہ بات انہوںنے کوئٹہ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے شہریوں کے نام اپنے ایک اہم پیغام میں کہی۔
نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے شہریوں کے نام اپنے پیغام میں مزید کہا کہ کوئٹہ شہر میں بلدیاتی انتخابات کا اعلان تو ہوا ہے
تاہم انتخابات کی شفافیت پرشکوک ہیں اس کے باوجود کوئٹہ کاہر شہری اپنے آئندہ کا انتخاب کرکے سابقہ کا احتساب کرے۔انہوںنے کہاکہ بلدیاتی نظام کے تحت کوئٹہ شہر پر مسلسل مسلط رہنے والوں نے شہر ی وسائل کو اپنی ذات کیلئے استعمال کرتے ہوئے سرکاری املاک ، فٹ پاتھ ، تھڑوں کو اپنے نام الاٹ کیا،انہوںنے کہاکہ اب ضرورت اس امر کی ہے ایسے لوگوں کا احتساب اور اچھے لوگوں کا انتخاب کیا جائے تاکہ کوئٹہ شہر کو درپیش بحرانوں اور چیلنجز سے نکال کر ایسے شعوری لوگوں جو شہر کی ذمہ داری کے تمام اصولوں سے آگاہ ، امانت داری سے اپنی زندگی گزارتے ہوئے شہر سے مخلص ہوں کو سامنے لایا جائے۔
انہوںنے کہاکہ کوئٹہ شہر کچھ سالوں قبل تک چھوٹا لندن تھا اب بحرانوں کا مرکز ہے ایسے میں ضرورت اس امر کی ہے کہ کوئٹہ شہر کا ہر ووٹر انفرادی طور پر اپنے شہر کے مستقبل کا سوچ کر اپنے ووٹ کے ذریعے بہترین نمائندے کا انتخاب کرے تاکہ ہم جس شہر میں رہتے ہیںوہ ملک کے دیگر شہروں میں ایک باعزت ، صاف شفاف ،جرائم ناانصافیوں اور بحرانوں سے پاک شہر ہو اور ہم باقی شہروں کے برابر اپنی زندگی باعزت گزارسکیں۔