|

وقتِ اشاعت :   November 27 – 2025

واشنگٹن: امریکا نے افغان شہریوں کی امیگریشن کی تمام درخواستیں غیر معینہ مدت کے لیے روک دیں۔ 

امریکی میڈیا کے مطابق افغان شہری کی جانب سے واشنگٹن میں نیشنل گارڈ کے 2 اہلکاروں کو گولی مارنے کے بعد ٹرمپ انتظامیہ نے  افغان شہریوں کی امیگریشن درخواستیں فوری طور پر روک دی ہیں۔

سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے امریکی سیٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروس نے کہا کہ افغان شہریوں کے لیے امیگریشن کی تمام درخواستیں غیر معینہ مدت کے لیے روک دی گئی ہیں۔

امریکی امیگریشن ایجنسی کا کہنا ہےکہ افغان شہریوں کے لیے امیگریشن کی درخواستوں کی سکیورٹی اور جانچ پروٹوکول کا مزید جائزہ لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 26 نومبر کو امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے قریب نیشنل گارڈ کے 2 اہلکاروں کو گولی مار دی گئی اور اہلکاروں کی حالت اس وقت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ 

امریکی حکام کے مطابق ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے جس کی شناخت 29 سال کے افغان شہری رحمان اللہ لکنوال سے کر لی گئی۔ 

اردو نیوز کے مطابق امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں وائٹ ہاؤس کے قریب نیشنل گارڈز کے دو اہلکاروں کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ ایک ’ٹارگٹڈ شوٹنگ‘ کا واقعہ ہے۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق حملہ آور کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے جس کی شناخت رحمان اللہ لکنوال کے نام سے ہوئی ہے۔