|

وقتِ اشاعت :   November 27 – 2025

گوادر: ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ سے گوادر تا کراچی روٹ کے بس ٹرانسپورٹرز، مالکان اور یونین کے نمائندوں نے ملاقات کی، جس میں ٹرانسپورٹر کمیونٹی نے اپنے متعدد درپیش مسائل ڈپٹی کمشنر کے سامنے رکھے۔

ملاقات کے دوران بس مالکان اور یونین کے نمائندوں نے رات کے سفر پر عائد پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پابندی کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا ہے اور اس کے خاتمے سے عوام اور ٹرانسپورٹر دونوں کو سہولت ملے گی۔

ٹرانسپورٹرز نے ضلعی انتظامیہ اور سیکورٹی فورسز سے ایرانی تیل کی ٹرانسپورٹیشن کے سلسلے میں نرمی اختیار کرنے کی بھی درخواست کی۔ ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نے ٹرانسپورٹروں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے تمام مسائل کو قانونی تقاضوں کے مطابق حل کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ ٹرانسپورٹ سیکٹر کے جائز مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے گفتگو کے دوران واضح کیا کہ رات کے سفر پر پابندی پورے بلوچستان میں نافذ ہے، اور اس کی بنیادی وجہ انسانی جان کا تحفظ اور امن و امان کا قیام ہے،

جو کسی بھی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے اور انہیں گوادر کے تمام مسائل اور چیلنجز کا مکمل ادراک ہے۔ انتظامیہ ہر ممکن کوشش کرے گی کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے۔