اسلام آباد : انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب اور زرتاج گل کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف سنگجانی جلسہ کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے عمر ایوب اور زرتاج گل کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے زین قریشی، علی بخاری، شیر افضل مروت، شعیب شاہین کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کر لیں، بعد ازاں کیس کی مزید سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔
دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف 26 نومبر کو ہونے والے احتجاج سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
پی ٹی آئی کے متعدد نامزد کارکن عدالت میں پیش ہوئے جبکہ استغاثہ کے 8 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے اور مزید گواہوں کو کل سماعت کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔
یہ کیس تھانہ کوہسار میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف درج ہے، اور عدالت نے کیس کی مزید سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کر دی۔