چین نے پاکستان اور افغانستان پر زور دیا ہے کہ وہ بات چیت اور مشاورت کے ذریعے اختلافات کو حل کریں اور صورتحال کو کشیدہ ہونے سے بچائیں۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گو جیاؤکن کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔
بیجنگ میں پریس کانفرنس کے دوران چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ چین پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی پر نظر رکھے ہوئے ہے اور امید کرتا ہے کہ دونوں ممالک اپنے تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دونوں چین کے روایتی اور قریبی دوست ملک ہیں، اور بیجنگ چاہتا ہے کہ خطے میں امن و استحکام برقرار رہے۔
انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو صورتحال میں فوری نرمی لانی چاہیے اور غلط فہمیوں کو سفارتی طریقے سے دور کرنا چاہیے۔
گو جیاکن کا کہنا تھا کہ چین بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر پاک افغان تعلقات میں بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے، تاکہ خطے میں دیرپا امن اور تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔