|

وقتِ اشاعت :   December 15 – 2025

کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام کی صوبائی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ جمعیت علماء اسلام ہمیشہ سیاست میں شائستگی، برداشت اور اخلاقی اقدار کی علمبردار رہی ہے اور آج بھی انہی اصولوں پر ثابت قدم ہے۔

جے یو آئی کی منظم، پْرامن اور کامیاب انتخابی مہم، کارنر میٹنگز میں عوام کی بھرپور شرکت اور یقینی کامیابی کے واضح آثار دیکھ کر مخالفین بدحواسی کا شکار ہو چکے ہیں

اور راہِ فرار اختیار کرنے پر مجبور ہیں۔پریس ریلیز میں واضح کیا گیا کہ جمعیت علماء اسلام ترقی کے سفر میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کر سکتی۔

ڑوب تا میختر کے لیے گیارہ ارب روپے کا میگا پراجیکٹ اسی خدمت کے تسلسل کا عملی ثبوت ہے حلقہ محسنِ بلوچستان کی بے لوث خدمات کا استعارہ اور عوامی فلاح کے عزم کی روشن مثال ہے۔ جے یو آئی بلوچستان میں ایک ناقابلِ تسخیر سیاسی قلعہ کی حیثیت رکھتی ہے،

جس کی بنیاد عوامی اعتماد، نظریاتی وابستگی اور مسلسل جدوجہد پر قائم ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ عوامی تائید کو جے یو آئی کے ساتھ دیکھ کر وہ مخالفین منتوں ترلوں اور بے بنیاد آسروں کی تلاش میں سرگرداں ہیں۔ ہہی حلقے ماضی میں جے یو آئی کے خلاف کی گئی سیاسی انجینئرنگ کے بینیفشری بننے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں، مگر عوام اب ان سازشوں کو بخوبی پہچان چکے ہیں۔

پریس ریلیز میں مولانا سید سمیع الدین کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ شہداء کے نہ صرف خونی وارث ہیں بلکہ نظریاتی ورثے کے بھی حقیقی امین ہیں۔

جے یو آئی کے پلیٹ فارم سے بطور رہنما انہوں نے کبھی سرکاری عہدوں اور مناصب کو اپنی زندگی کا مقصد نہیں بنایا۔ آج جب وہ میدانِ عمل میں موجود ہیں تو یہ جماعت کا اعتماد اور فیصلہ ہے کہ انہیں نامزد کیا گیا انہوں نے کبھی خود اس خواہش کا اظہار نہیں کیا۔

جمعیت علماء اسلام عوامی خدمت، نظریاتی سیاست اور اصولی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور ان شاء اللہ عوام کے تعاون سے کامیابی کی منزل حاصل کرے گی۔