|

وقتِ اشاعت :   December 23 – 2025

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مسلح افواج نے ملکی خودمختاری کا بھرپوردفاع کیا، بھارت کیخلاف کامیابی جنگی ہی نہیں اخلاقی فتح بھی ہے۔

کیڈٹ کالج پٹارو میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کیڈٹس سے کہا آج بھی پاکستان ، معاشی دباؤ سمیت مختلف چیلنجز کاسامنا کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل کا پاکستان ان لوگوں کے ہاتھوں تعمیر ہوگا جو شارٹ کٹ کی بجائے دیانت داری، ذاتی مفاد کے بجائے خدمت، اور آسانی کے بجائے ہمت کو ترجیح دیتے ہیں۔

افواج پاکستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے  پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ  بھارتی حملے کے جواب میں مسلح افواج نے پیشہ ورانہ مہارت اور یکجہتی کے ذریعے واضح کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلح افواج نے ملکی خودمختاری کا بھرپوردفاع کیا، بھارت کیخلاف کامیابی جنگی ہی نہیں اخلاقی فتح بھی ہے، ہم نے دنیا کو یاد دلایا کہ پاکستانی عوام جب بھی متحد ہوئے کبھی ناکام نہیں ہوئے۔