|

وقتِ اشاعت :   January 3 – 2026

پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ایک بار پھر اپنی دہشت گردی اور علاقائی عدم استحکام میں کردار سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ خطے میں دہشت گردی کے فروغ میں بھارت کا کردار واضح ہے، بھارتی الزامات غیر ذمہ دارانہ ہیں،  بھارتی وزیر خارجہ کے بیان کو مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کا معاملہ پاکستان کے خلاف ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کی واضح مثال ہے، بھارت پر بیرون ملک ٹارگٹ کلنگز، تخریب کاری اور دہشت گرد نیٹ ورکس کی معاونت کے سنگین الزامات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہندوتوا نظریہ انتہاپسندی اور تشدد کو فروغ دیتا ہے، بھارت کا مقبوضہ جموں و کشمیر میں غیرقانونی اور جابرانہ فوجی قبضہ برقرار ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ کی یکطرفہ خلاف ورزی خطے کے استحکام کو نقصان پہنچائے گی، سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان اپنے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔