لاہور: تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود اچکزئی نے کہا ہے کہ مجھے خدشہ ہے دو چار مہینے بعد پاکستان کے کچھ علاقے علیحدگی کا اعلان کر دیں گے۔
لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے کہا کہ میں پانچ بڑوں کو نہیں مانتا چار کو بڑا مانتا ہوں اور چار بڑوں کی وجہ سے پانچواں بڑا آیا۔ ہم لاہور فتح کرنے نہیں بلکہ آٹھ فروری کے حوالے سے تحریک چلانے کیلئے آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے آئین بنا جمہوری اور غیر جمہوری قوتوں نے اسے توڑا، پاکستان ڈوب رہا ہے، جو آدمی ایمان بیچتا ہے اور بکرے کی طرح بکتا ہے اس کو محب وطن کہا جاتا ہے جو شخص آئین کے ساتھ یا اپنا حق لینا چاہتا ہے وہ دہشتگرد بن جاتا ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ نو مئی کے روز کور کمانڈر ہائوس کھلا ہوا کیوں تھا، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے جوڈیشل کمیشن بنائیں کیوں نہیں بناتے، یہ کبھی نہیں ہوا دنیا کی تاریخ میں کہ ایک چیف جسٹس سیاسی جماعت کا نشان چھین لے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خطہ بہت خطرناک جنگ کی طرف بڑھ رہا ہے، ہم نے آج تک پارلیمنٹ میں بحث بھی نہیں کی کہ ہمارے اردگرد کیا ہو رہا ہے۔