|

وقتِ اشاعت :   23 hours پہلے

کوئٹہ: ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کے صدر اور رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کی زیر صدارت اسلامی تحریک بلوچستان کی میزبانی میں کونسل کی رکن جماعتوں کا ایک اہم مشترکہ اجلاس جامعہ امام صادق عملدار روڈ کوئٹہ میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں ملی یکجہتی کونسل میں شامل مختلف دینی و سیاسی جماعتوں کے قائدین اسلامی تحریک کے علامہ اکبرزاہدی،مرکزی مسلم لیگ کے حافظ محمدادریس،جمعیت علمائے پاکستان کے سیدمومن شاہ جیلانی، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مولاناانوارالحق حقانی،حاجی خلیل الرحمٰن، جماعت اہل سنت کے حبیب اللہ چشتی،جماعت اسلامی کے مولانامحمدعارف دمڑ،مجلس علماء اہل بیت کے سیدہاشم موسوی،مجلس وحدت المسلمین کے ولایت حسین جعفری،اسلامی تحریک کے سیدرضااخلاقی،شیعہ علماء کونسل کے سیدعلی جہاں شاہ کاظمی،اسلامی جمعیت طلبہ کے روح اللہ سالار،لیاقت علی ہزارہ،انجمن طلباء اسلام کے احمدشاہ چشتی نے شرکت کی۔

اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال،بلوچستان کے مسائل،ایران،اسرائیل اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی، افغانستان اور پاکستان کے باہمی تعلقات اور خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی مشاورت اور تبادلہ خیال کیا گیا۔

شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر باہمی اتحاد و اتفاق کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

پاکستان افغانستان کے درمیان جھگڑے دونوں طرف کے عوام کیلئے تباہ کن ہے۔ٹرمپ کوامن کاایوارڈدینے والوں سے سوال ہے نیتن یاہوکوکونساایوارڈدیں گے۔ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم سے عیدکے بعدامریکہ اسرائیل مردہ باد کانفرنسزکریں گے۔اجلاس میں قراردادکے ذریعے ایران کے نئے سپریم لیڈرآیت اللہ مجتبی خامینی کومبارکبادپیش کرتے ہوئے کامیابی کیلئے دعاکی اورامیدظاہرکی کہ نئے سپریم لیڈربھی اپنے والدکے نقش قدم پرچلتے ہوئے ایران کی ترقی وحفاظت امت مسلمہ کے اتحادویکجہتی کیلئے بھرپورجدوجہد کریں گے۔

اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ عالم اسلام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد اور مشترکہ حکمت عملی ناگزیر ہے۔انہوں نے خطے میں امن، استحکام اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔جلاس کے اختتام پر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خمینی سمیت دیگر شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور امت مسلمہ کو اتحاد و یکجہتی عطا کرے۔

اجلاس میں شریک قائدین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملی یکجہتی کونسل بلوچستان صوبے میں بین المسالک ہم آہنگی، اتحاد امت اور قومی مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں ادا کرتی رہے گی۔اجلاس میں تیل قیمتوں میں اضافہ،ایران بارڈرپرتیل پکڑکرجلانے کی بھی مذمت کی گئی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *