اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے اپنی موت سے متعلق زیر گردش افواہوں کو رد کرنے کے لیے ایک اور ویڈیو جاری کردی۔ نئی ویڈیو میں انہیں اسرائیل میں امریکی سفیر مائیک ہکابی کے ساتھ ملاقات کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
منگل کو جاری کی گئی اس ویڈیو کا مقصد حالیہ حملوں میں اسرائیلی وزیرِ اعظم کی ہلاکت سے متعلق دعوؤں کی تردید کرنا تھا، جبکہ اس میں دونوں رہنما سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں پر ہنسی مذاق بھی کرتے نظر آتے ہیں۔
ویڈیو میں ہلکے پھلکے انداز میں گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہکابی کہتے ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ چاہتے تھے کہ میں آ کر یقین کر لوں کہ آپ ٹھیک ہیں، کیونکہ آپ دونوں کی اچھی بنتی ہے۔
اس پر نیتن یاہو مسکراتے ہوئے کیمرے کی طرف دیکھ کر جواب دیتے ہیں کہ ہاں مائیک، میں زندہ ہوں۔
انہوں نے کیمرے کی خرابی کے باعث سامنے آنے والی 6 انگلیوں والی سازشی تھیوری کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ ہم دونوں ہاتھوں میں پانچ انگلیوں کے ساتھ مصافحہ کرتے ہیں۔ تاہم اس ویڈیو کے باوجود افواہوں کی شدت کم نہیں ہوئی۔
ایلون مسک کے اے آئی پلیٹ فارم گورک نے اس سے قبل ایک اسی نوعیت کی ویڈیو، جس میں اسرائیلی وزیر اعظم کیفے میں کافی پیتے دکھائی دے رہے تھے، کو 100 فیصد ڈیپ فیک قرار دیا تھا۔ بعدازاں کئی افراد نے ان ویڈیوز کی صداقت پر سوال اٹھائے۔
ماہرین کے مطابق مصنوعی ذہانت کے ذریعے عالمی رہنماؤں کی موت کی جھوٹی خبریں پھیلانا یا ویڈیوز کو جعلی قرار دینا ایک نئی نفسیاتی حکمتِ عملی بن چکی ہے، جس کا مقصد تنازعات کے دوران خوف اور عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔
Leave a Reply