شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی اور زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس آج طلب کر لیے گئے ہیں جب کہ ماہرین کے مطابق چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں اور عیدالفطر 21 مارچ کو ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں وزارت مذہبی امور کے کوہسار بلاک میں ہوگا، جس کی صدارت چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔
اجلاس میں ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کا جائزہ لے کر شوال کے چاند کی رویت سے متعلق حتمی اعلان کیا جائے گا۔
دوسری جانب پشاور، لاہور، کراچی اور کوئٹہ میں بھی زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوں گے۔
کراچی میں زونل کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوگا، جس کی صدارت علامہ حافظ محمد سلفی کریں گے، اجلاس نمازِ عصر کے بعد شروع ہوگا۔
کراچی اجلاس میں زونل کمیٹی کے اراکین کے علاوہ ڈائریکٹر نیشنل سونامی سینٹر امیر حیدر لغاری اور محکمہ موسمیات کے دیگر حکام بھی شرکت کریں گے۔
ادھر اسپارکو کے مطابق شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ہیں، جس کے باعث پاکستان میں عیدالفطر 21 مارچ کو ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے تاہم چاند کی رویت کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی ہی کرے گی۔
Leave a Reply