کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے عالمی یومِ آزادی صحافت کے موقع پر کہا ہے کہ آزاد، خودمختار اور ذمہ دار صحافت کسی بھی مہذب اور جمہوری معاشرے کی بنیادی ستون کی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں جو عوام کو بروقت اور مستند معلومات فراہم کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ آج کے تیز رفتار ڈیجیٹل دور میں میڈیا کا کردار مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے، جہاں اطلاعات کی ترسیل لمحوں میں ممکن ہے۔ تاہم اس کے ساتھ ساتھ جھوٹی خبروں (فیک نیوز) اور غیر مصدقہ اطلاعات کے پھیلاؤ جیسے چیلنجز بھی درپیش ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ صحافتی اقدار، پیشہ ورانہ دیانتداری اور قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے رپورٹنگ کو یقینی بنایا جائے۔صوبائی وزیر داخلہ میرضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ حکومت بلوچستان صحافیوں کی فلاح و بہبود، ان کے تحفظ اور آزادی اظہار رائے کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
تاکہ صحافتی برادری اپنے فرائض بلا خوف و خطر انجام دے سکے۔
صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے مزید کہا کہ آزادی اظہار رائے آئینِ پاکستان کے تحت ہر شہری کا بنیادی حق ہے، اور حکومت اس حق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اور میڈیا کے درمیان مثبت اور تعمیری تعلقات کو فروغ دیا جائے گا تاکہ ایک شفاف، باخبر اور ذمہ دار معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکے۔
انہوں نے صحافتی برادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو دیانتداری اور غیر جانبداری کے ساتھ انجام دیتے رہیں، کیونکہ ایک مضبوط اور آزاد میڈیا ہی قوم کی ترقی اور استحکام کی ضمانت ہوتا ہے۔
Leave a Reply