|

وقتِ اشاعت :   October 20 – 2018

کوئٹہ : بلوچستان کے علاقے مچھ میں کوئٹہ سے پشاور جانیوالی جعفر ایکسپریس کے قریب یکے بعد دیگرے دو بم دھماکوں سے ڈرائیور نے بروقت کوشش کرکے ٹرین اور مسافروں کوتباہی سے بچالیا ۔

دھماکے سے ریلوے ٹریک کو شدید نقصان پہنچا جس کی وجہ سے کوئٹہ سے اندرون ملک جانے اور دوسرے صوبوں سے کوئٹہ آنیوالی ٹرینوں کو کولپور اور سبی ریلوے اسٹیشن پر روک لیا گیا۔

دھماکے کے بعد فرنٹیئر کور بلوچستان کے عملے نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچنگ کے بعد ریلوے حکام کے حوالے کیا ،ڈی ایس ریلوے واقع کی اطلاع ملتے ہی دیگر آفیسران اور عملے کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کاموں کا جائزہ لیا اور 3گھنٹوں کی محنت کے بعد فرنٹیئر کور کی جانب سے کلیئرنس کے بعد ٹرینوں کی آمد ورفت کو بحال کردیا گیا ۔

یہاں آمدہ اطلاعات کے مطابق جمعہ کی صبح تقریباً 10بجکر 50منٹ پر کوئٹہ سے پشاور جانیوالی جعفرایکسپریس جیسے ہی مچھ کے قریب 324/11/12کے مقام پر ٹرین پہنچی تو نامعلوم دہشتگردو ں کی جانب سے ریلوے ٹریک پر دہشتگردی کی غرض سے نصب کیا گیا ۔

بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا تو ڈرائیور اویس الرحمن نے دھماکے کے فوراً بعد ایمرجنسی بریک لگا کر ٹرین کو روک لیا تو اسی دوران دھماکے کی جگہ ایک اور زور دار دھماکہ ہوا جس سے ریلوے ٹریک کو شدید نقصان پہنچا ،ٹرین اور ٹریک کی سیکیورٹی پر معمور فرنٹیئر کور اور لیویز کا عملہ موقع پر پہنچ گیا ۔

ایف سی کے عملے نے دھماکے کی جگہ کو محاصرے میں لیکر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرکے سرچنگ کی جس کے بعد ڈی ایس ریلوے واصف علی مغل دھماکے کی اطلاع ملنے پر کوئٹہ سے دیگر آفیسران اور ریلوے کے عملے کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور امداد ی کارروائیوں کا جائزہ لیا ۔

ریلوے حکام نے ایف سی کی جانب سے کلیئرنس کے بعد مذکورہ متاثر ہونیوالے ٹریک کی مرمت شروع کردی جس کے بعد ایف سی نے اپ ریلوے ٹریک کو کلیئر کرنے کے بعد ریلوے حکام کے حوالے کیا ۔

دھماکے کے بعد کوئٹہ سے جانیوالی اکبر ایکسپریس اور بولان میل کو کولپور جبکہ اندرون ملک سے آنیوالی ٹرینوں کو سبی ریلوے اسٹیشن پرروکا گیا ،ریلوے ذرائع کے مطابق دہشتگردی سے محفوظ رہنے والی جعفر ایکسپریس کو جائے وقوع سے 3گھنٹے 25منٹ روکنے کے بعد منزل کی جانب روانہ کیا گیا ۔

اسی طرح اکبر ایکسپریس کو 2گھنٹے 55منٹ اور کوئٹہ سے کراچی جانیوالی بولان میل کو 2گھنٹے 27منٹ کی تاخیر سے روانہ ہوئی جبکہ پشاور سے آنیوالی جعفر ایکسپریس سبی سے کوئٹہ کیلئے 2گھنٹے کی تاخیر سے اور بولان میل 1گھنٹہ 50منٹ اور اکبر بگٹی ایکسپریس 1گھنٹہ 40منٹ کی تاخیر سے روانہ کی گئی ۔

ٹرینوں کی آمد ورفت میں خلل کی وجہ سے مسافروں ،خواتین اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ،ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ فرنٹیئر کور کی جانب سے دھماکے کی جگہ کو 1بجکر 55منٹ پر کلیئر کرکے ریلوے کے حوالے کیا اور 2بجے ریلوے حکام نے ٹرین کو اپنی منزل کی جانب روانہ کردیا ،ریلوے پولیس نے دھماکے کا مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی ۔