اسلام آباد: پاکستان نے قندھار حملے سے متعلق افغانستان کے الزامات مسترد کر دیے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان قندھار حملوں سے متعلق افغانستان کے الزامات کو مسترد کرتا ہے، حملوں سے متعلق ٹھوس شواہد یا خفیہ معلومات فراہم نہیں کی گئیں، پاک افغان ایکشن پلان کے تحت تعاون کا میکنزم موجود ہے، میڈیا پر الزام تراشی دونوں ممالک کے درمیان طے شدہ 7 اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔
واضح رہے کہ افغان صوبے قندھار میں سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے قندھار پولیس چیف عبدالرازق اور خفیہ ادارے کے صوبائی چیف ہلاک اور گورنر قندھار شدید زخمی ہوگئے تھے جب کہ امریکی کمانڈر اسکاٹ ملر بال بال بچ گئے۔