|

وقتِ اشاعت :   October 26 – 2018

کوئٹہ : بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن (پجار) کے رہنماؤں نے کہاہے کہ ملک بھر میں مختلف تعلیمی اداروں میں طلبا و طالبات مختلف تعلیمی مسائل کا شکار ہیں چونکہ آئین پاکستان کے مطابق تعلیم فراہم کرنا ریاست کی ذمہ دار ہے ۔

لیکن بدقسمتی سے یہاں کے نوجوانوں کو تعلیمی حوالے سے کوئی خاص سہولیات میسر نہیں اگر کسی شہر یا علاقے میں کوئی تعلیمی ادارہ موجود ہے تو اس میں سہولیات موجود نہیں ہیں یہ بھی حقیقت ہے کہ بی ایس او نے بلوچ قوم و محکوم عوام کو بہترین رہنما فراہم کیے اور جمہوری سیاست کو بچانے اور آمریت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کیا ۔

بلوچ ساحل و وسائل کے تحفظ کو یقینی بنانے اور قومی تشخص کو برقرار رکھنے کی پاداش میں بی ایس او کے ساتھیوں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں ان خیالات کااظہاربی ایس او پجار کے رہنماوں حمید بلوچ، عمران بلوچ اور دیگر نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بی ایس او پجار ملکی سیاست میں منفرد کردار ادا کرتی رہی ہے انہوں نے کہا کہ 20,21اکتوبر کو بولان میڈیکل کالج کوئٹہ میں بی ایس او پجار کے 22ویں مرکزی کونسل سیشن کا انعقاد ہوا، کونسل سیشن میں تنظیمی و تعلیمی صورتحال و آئندہ حکمت عملی اور علاقائی و ملکی بین الاقوامی سیاسی صورتحال پر غور کیاگیا،اس موقع پر مرکزی چیئرمین حمید بلوچ،مرکزی سیکرٹری جنرل غلام حسین بلوچ، سینئر وائس چیئرمین آغا داود شاہ، جونیئر وائس چیئرمین ملک زبیر بلوچ سینئر جوائنٹ سیکرٹری علاو الدین مری جونیئر جوائنٹ سیکرٹری قمبر رند اور انفارمیشن سیکرٹری عمران بلیدی منتخب قرار پائے۔

بلوچستان وحدت کابینہ کے لئے صدر گورگین بلوچ ،جنرل سیکرٹری ابرار برکت سینئر نائب صدر شفقت ناز ،جونیئر نائب صدر ارشاد لانگو سینئر جوائنٹ سیکرٹری آصف نور جونیئر جوائنٹ سیکرٹری عبدالباری اور نعیم بلوچ انفارمیشن سیکرٹری منتخب قرار پائے جبکہ سندھ وحدت کابینہ کے لئے صدر سراخ سنی سینئر نائب صدر امیر دوست اکرم جونیئر نائب صدر وسیم اختر جنرل سیکرٹری عرفان شاہوانی سینئر جوائنٹ سیکرٹری جہانگیر دشتی جونیئر جوائنٹ شاہ میر انفارمیشن سیکرٹری یوسف دشتی منتخب ہوئے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں مختلف تعلیمی اداروں میں طلبا و طالبات مختلف تعلیمی مسائل کا شکار ہیں چونکہ آئین پاکستان کے مطابق تعلیم فراہم کرنا ریاست کی ذمہ دار ہے لیکن بدقسمتی سے یہاں کے نوجوانوں کو تعلیمی حوالے سے کوئی خاص سہولیات میسر نہیں اگر کسی شہر یا علاقے میں کوئی تعلیمی ادارہ موجود ہے تو اس میں سہولیات موجود نہیں ہیں ۔

اس کے علاوہ طلبا و طالبات کیلئے کوئی اندرون ملک یا بیرونی ملک کیلئے اسکالرشپ کی خاطر خواہ پالیسی نہیں اس حوالے سے بی ایس او پجار اپنے ساتھیوں کیلئے حکمت عملی اپنائے گی انہوں نے کہا کہ ریسرچ ورک کیلئیپرفضا اور تمام سہولیات لازمی ہیں لیکن یہاں تو تعلیمی اداروں میں ایسا ماحول بنایا گیا ہے تحقیقی کام کو آگے بڑھانے کے بجائے طلبا ذہنی کوفت کا شکار ہیں اس طرح کے ماحول میں اسکالر و ڈاکٹر پیدا ہونا ناممکن نظر آرہا ہے ۔

بی ایس او پجار یہ مطالبہ کرتی ہے کہ پروفیشنل طلبا و طالبات کو 10ہزار اسکالرشپ دیا جائے تاکہ معیاری تعلیم کے کلچر کے لئے پر فضا پیدا ہو سکے ، اورطلبا اعلی تعلیم پر بھرپور توجہ دیں انہوں نے کہا کہ چونکہ بلوچستان سے پرامن جمہوری سیاست کو ختم کرنے کے لئے گھناونی سازش کی جارہی ہے بی ایس او پجار کا نعرہ تشدد رہا ہے اور بلوچ عوام کو جمہوری سیاست کے دھارنے میں لانے میں ہم نے بھرپور کردار ادا کیا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ ہم گزشتہ روز کلی شابو میں نامعلوم افراد کی جانب سے ایک مقامی سکول پر حملے کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ، اور بلوچی اکیڈمی کے فنڈ میں حکومت کی جانب سے کٹوتی کی بھرپور مخالف کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ بلوچی اکیڈمی کے فنڈ کو سابقہ فنڈ بحال کردیں۔

انہوں نے کہا کہ سبی میں میر چاکر خان یونیورسٹی کے کام میں سست روی پر تشویش پائی جاتی ہے نصیر آباد زرعی یونیورسٹی کے قیام کو جلد عمل میں لایا جائے گوادر کو لسبیلہ میں شامل کرنے کی شدید الفاظ می مذمت کرتے ہیں گوادر مکران کا ایک تاریخی شہر ہے ۔

کافی عرصے سے گوادر کے ماہی گیر سراپا احتجاج ہیں ان کے مطالبات کو جلد از جلد تسلیم کیا جائے تربت یونیورسٹی میں مسائل کے انبار لگے ہیں لیکن انتظامیہ توجہ نہیں دے رہی جو ایک المیہ ہے بی ایس او پجار بھرپور مطالبہ کرتی ہے کہ تربت یونیورسٹی میں تمام ڈیپارٹمنٹ میں لیکچرار کی اسامیوں کی کمی کو جلد پورا کیا جائے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بی ایس او پجار ہمیشہ ہر فورم پر بلوچستان کے طلبا کے لئے آواز بلند کرے گی اور ان کی رہنمائی کرے گی ۔