|

وقتِ اشاعت :   October 31 – 2018

کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ قبائلی امور و پی ڈی ایم اے میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا ہے کہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہے قدرتی آفات سے نمٹنا اور مشکلات میں پھنسے لوگوں کی مدد کرنا نہ صرف انسانیت کی خدمت ہے بلکہ یہ حکومت کی اولین ذمہ داریوں اور ترجیحات میں شامل ہے۔

پی ڈی ایم اے کا مقصد ہی ہنگامی صورتحال اور دیگر قدرتی آفات کا پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ مقابلہ کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے پی ڈی ایم اے مین آفس کے دورہ کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے محمد طارق، ڈپٹی ڈائریکٹر عطاء اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر فیصل پانیزئی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیصل طارق بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیر نے پی ڈی ایم اے کے گودام، کنٹرول روم اور دیگر شعبوں کا معائنہ بھی کیا۔

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ گوداموں میں موجود ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے ساز و سامان، مشینری یا راشن کے بندوبست، انتظام، تحفظ اور معیار کے معاملہ میں کسی بھی قسم کی غیر ذمہ داری برداشت نہیں کی جائے گی اور نہ ہی اس کی کوئی گنجائش ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایک ایسے خطہ میں واقع ہے جہاں کے لوگوں کو نا صرف زلزلہ اور قحط سالی بلکہ طوفانی بارشوں کی وجہ سے سیلاب کی تباہ کاریوں کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے پی ڈی ایم اے کا مقصد ایسے مشکل اور نامساعد حالات میں عوام کو ریلیف دینا اور مشکلات سے نکالنا ہے ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت کبھی نہیں چاہتی کہ بلوچستان کے عوام کو کسی بھی قسم کے آفات اور مشکلات کا سامنا ہو، قدرتی آفات کو روکا تو نہیں جا سکتا لیکن اسکے اثرات اور نقصانات کو کم کرنے کیلئے صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم اے اپنے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں