|

وقتِ اشاعت :   November 13 – 2018

کوئٹہ: سابق وزیراعلیٰ چیف آف ساراوان اور رکن صوبائی اسمبلی نواب اسلم خان رئیسانی نے کہا ہے کہ ہم ساتھیوں کے ساتھ مشاورت کررہے ہیں کہ بلوچستان اسمبلی کا آئندہ اجلاس گوادر میں منعقد کیا جائے۔ 

یہ بات اُنہوں نے ٹیلی فون پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی رکن صوبائی اسمبلی نواب اسلم خان رئیسانی نے کہا کہ گوادر ہماری زمین ہے اور میں نے اپنے دور حکومت میں گوادر کو سرمائی دارالحکومت ڈیکلیئر کیا تھا جس کیلئے تمام دفاتر اور دیگر سہولیات بھی مہیا کی تھیں ۔

لیکن افسوس کہ گذشتہ حکومتوں نے اس میں کوئی دلچسپی نہیں لی لیکن اب میری خواہش ہے کہ ہم اپنے اس ارادے کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں میں نے اپنے ساتھیوں سے یہ مشورہ کیا ہے کہ ہم بلوچستان اسمبلی کا آئندہ اجلاس گوادر میں منعقد کرنے کیلئے ریکوزیشن دیں ۔

اُنہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر گوادر میں اسمبلی اجلاس کیلئے جگہ نہ بھی ملی تو ہم روڈ پر بھی بیٹھ کر اجلاس کرسکتے ہیں۔ کیونکہ گوادر ہماری زمین ہے اور ہمیں اپنی یہ زمین بہت عزیز ہے بلوچستان کا سرمائی دارالحکومت ڈکلیئر کرنے کا مقصد بھی اپنی اس محبت اور احترام کا اظہار تھا۔ یقیناً موجودہ بلوچستان اسمبلی کے اراکین بھی ہماری اس کوشش میں بھرپور ساتھ دیں گے۔