کوئٹہ : آل پاکستان نیوز پیپر ز سوسائٹی بلوچستان کمیٹی نے بقایا جات کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی او ر صوبائی حکومت کی عدم تعاون کی وجہ سے بلوچستان کی اخباری صنعت شدید بحران کا شکار ہے اور اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو اخباری صنعت سے وابستہ لوگوں کے بے روزگار ہونے کے خطرات بڑھتے چلے جائیں گے ۔
اے پی این ایس کی بلوچستان کمیٹی کااجلاس کمیٹی کے چیئر مین سید ممتاز احمد شاہ کی زیرصدارت مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں انور ساجدی(انتخاب) ریاض الحسن قاضی(جنگ)جاوید احمد( اعتماد) محمد صادق ( بلوچستان ایکسپریس ) اور محمد انور ناصر( بلوچستان نیوز) نے شرکت کی ۔ا جلاس میں اخباری صنعت کو درپیش مسائل ومشکلات پر تفصیلی غور وخوض ہوا ۔
اجلاس میں منظور کی گئی قرار داد میں اخباری صنعت کو درپیش مسائل ومشکلات پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ صوبائی حکومت نے گزشتہ ایک سال سے اخبارات کو بقایہ جات کی ادائیگی نہیں کی اسی طرح وفاقی حکومت کی طرف سے بھی بلوچستان کے اخبارات عدم ادائیگی کا شکار ہیں قرار داد میں صوبائی اور وفاقی حکومت سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جلدازجلد اخبارات کو بقایہ جات کی ادائیگی یقینی بنائیں تاکہ اس صنعت کو ڈوبنے سے بچایا جاسکے ۔
اجلاس میں حکومت بلوچستان کی میڈیا پالیسی کے لئے قائم کمیٹی کے رکن انور ساجدی نے اے پی این ایس سے میڈیا پالیسی کے لئے سفارشات مرتب کرنے کی تجویز پیش کی کمیٹی نے اس معاملے کو اے پی این ایس کی ایگزیکٹیو کمیٹی کو بھیج دیا تاکہ وہ سفارشات مرتب کرکے حکومت بلوچستان کو پیش کرے ۔
اجلاس کے شرکاء نے اخبارات کو بلوں کی بلا تاخیر ادائیگی یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی اوروفاقی حکومت کے تعاون کے بغیر اخباری صنعت کو موجودہ بحران سے نہیں نکالاجاسکتا اس لئے حکومت اس ضمن میں اقدامات اٹھائے تاکہ صنعت کو بحران سے نکالاجاسکے ۔
بلوچستان کے اخبارات کے واجبات اداکئے جائیں ، اے پی این ایس
وقتِ اشاعت : November 24 – 2018