|

وقتِ اشاعت :   November 26 – 2018

کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے لورالائی کے قریب کوئلہ کان میں گیس بھرنے سے تین کانکن جاں بحق اور دو بے ہوش ہوگئے۔ 

پولیس کے مطابق واقعہ چمالانگ کے علاقے 6 فٹی میں پیش آیا جہاں ایک کوئلہ کان میں زہریلی گیس بھر گئی۔اس کے نتیجے میں ہزاروں فٹ گہری کان میں آکسیجن کی کمی پیدا ہوگئی اور پانچ کانکن دم گھٹنے کے باعث بے ہوش ہوگئے۔ کانکنوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بے ہوش ساتھیوں کو باہر نکالا تو اس میں سے تین دم توڑ چکے تھے اور دو کانکنوں نعمت اور جلال الدین کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ 

جاں بحق کانکنوں میں عبدالرحمان ولد محمد خان اور اختر محمد ولد کرم خان ژوب کے رہائشی جبکہ قطب الدین ولد سلطان کا تعلق قلعہ سیف اللہ سے تھا۔ لاشیں سول ہسپتال لورالائی پہنچائی گئیں اور ضابطے کی کارروائی کے بعد آبائی علاقے ژوب اور قلعہ سیف اللہ روانہ کردی گئیں۔ 

یاد رہے کہ بلوچستان کی کوئلہ کانوں میں حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے باعث ہر سال اوسطاً سو سے زائد کانکن جان کی بازی ہارجاتے ہیں۔