|

وقتِ اشاعت :   November 27 – 2018

 اسلام آباد: سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے سینے میں گلٹیوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔     

شہباز شریف کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق ان کے سینے میں گلٹیوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے، اس کے علاوہ ایک گردے کے متاثر ہونے کے اثرات بھی پائے گئے ہیں جب کہ ڈاکٹرز نے بڑی آنت کی اندرونی دیوار کے معمول سے بڑھنے اور اس میں پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ نے شہباز شریف کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لیا اور سب جیل میں ملاقات کی جس کے دوران رپورٹس کے بارے میں بات چیت کی گئی۔

میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کو کھلی، ہوادار، گرد سے پاک، سورج کی روشنی والی جگہ پر رکھا جائے، پر ہجوم اور زیادہ افراد کی موجودگی والی جگہ پر کینسر سروائیور کو رکھنا محفوظ نہیں، دیگر بیمار قیدیوں سے ایسے مرض میں مبتلا رہ چکنے والے شخص کا قریب رہنا طبی لحاظ سے خطرناک ہوتا ہے۔

شہباز شریف کی میڈیکل رپورٹس میں کینسر، گردوں سمیت دیگر طبی ماہرین پر مشتمل بورڈ تشکیل دینے کی تجویز دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ طبی صورتحال کے پیش نظر مریض کا تفصیلی تجزیہ ناگزیر ہے۔

دوسری جانب نیب کی ٹیم شہباز شریف کو اسلام آباد سے پی آئی اے کی پرواز ذریعے لیکر لاہور پہنچ گئی جہاں سے ان کو سخت سیکیورٹی میں نیب افس ٹھوکر نیاز بیگ منتقل کر دیا گیا ہے۔