اسلام آباد: اپنی شعلہ بیانی اور اپوزیشن پر کڑی تنقید کے حوالے سے مشہور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری صرف ایک رن پر آؤٹ ہوگئے۔
اسلام آباد میں دیامیر بھاشا ڈیم کے لیے عطیات جمع کرنے کیلئے ارکان قومی اسمبلی اور پی سی بی کی ٹیموں کے درمیان کرکٹ میچ ہوا۔ بیٹنگ کے لیے جانے سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ خوبصورت گراوٴنڈ اور اچھا دن ہے، یہ میچ پانی کیلئے ہو رہا ہے اور پی ٹی آئی کی حکومت ماحول کو ترجیح دیتی ہے۔
فواد چوہدری نے بلند و بانگ دعوے کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹرینز مدمقابل ٹیم کو ہرا دیں گے، میں تو میچ میں تباہی مچا دوں گا اور اپوزیشن کا سارا غصہ یہیں نکالنا ہے، اگر چیف جسٹس صاحب یہاں ہوتے تو ان کو بھی میچ کے لیے بلاتے۔ لیکن اپنے دعوؤں کے برعکس وزیر اطلاعات فواد چوہدری صرف ایک رن بناکر آوٴٹ ہوگئے۔ اس میچ میں پارلیمنٹرین الیون نے پی سی بی الیون کو 14 رنز سے شکست دے دی۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ بہت اچھا میچ ہوا اور ہم نے پی سی بی کو ہرایا ہے، چیئرمین پی سی بی احسان مانی ان کی کلاس لیں گے کہ ہم سے ہار گٰئے آگے کیا جیتیں گے، ہماری تمام عسکری و جوڈیشل قیادت میں پانی کے مسئلے پر اتفاق رائے ہے، اس میچ کا مقصد پانی اور ماحول کی طرف توجہ دلانا تھا۔